ڈاکٹرز کا کام دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے، خواجہ سلمان رفیق

پیر 18 ستمبر 2017 22:03

ڈاکٹرز کا کام دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے، خواجہ سلمان رفیق
گوجرانوالہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ انسان کی تخلیق کا بنیادی مقصد انسانیت کی خدمت ہے‘ ڈاکٹرز مسیحائی پیشہ سے وابستہ ہیں ان کا کام دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا ہے ، بلا شبہ پاکستانی ڈاکٹر زقابلیت اور صلاحیتوں کے اعتبار سے دنیا کے بہتر معالج ہیں اور ان کی ملک و قوم کیلئے خدمات قابل رشک ہیں اور یہ ہماراقابل فخر اور قیمتی اثاثہ ہیں جنھوں نے نامساعد حالات اور محدود وسائل کے باوجود انسانیت کی خدمت کا سفر جاری رکھا ہے ،یہ بات انہوں نے گوجرانوالہ میڈیکل کالج گوجرانوالہ کی دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وائس چانسلر چانسلر یونیورسٹی ہیلتھ سائنسر ڈاکٹر جنید سرفراز، پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر آفتاب محسن، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی محمود بشیر ورک، عبدالرؤف مغل اور محمد توفیق بٹ، ممبر بورڈ آف مینجمنٹ محمد اقبال، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر انور امان، ڈاکٹر فاریہ مختار، ڈاکٹر فضل الرحمن اورڈاکٹر نائلہ توکل کے علاوہ میڈیکل کالج گوجرانوالہ کے اساتذہ ، ڈاکٹرز،ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے والدین اور معززین شہر نے کانووکیشن میں بھر پور شرکت کی ،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ہمارے ڈاکٹرز پر ہسپتالوں میں بے تحاشا لوڈ آف ورک ہیں اور ہر مریض کو مطمئن کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ مجھے یقین محکم ہے کہ کوئی ڈاکٹر غفلت کا مرتکب نہیں ہوتا بلکہ غلطی ہر انسان سے سرزد ہو جاتی ہے لیکن ڈاکٹر جان بوجھ کر ایسا نہیں کرتے ، انہوں نے کہاکہ میڈیکل کے اساتذہ قوم کا قیمتی اثاثہ ہیںاور ایسے درخت ہیں جن کے سایہ میں نوجوان ڈاکٹرز پروان چڑھتے ہیں، انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کل انہوں نے ان اساتذ ہ کی جگہ لینی ہے اور اس مشن کو آگے بڑھاناہے اس کیلئے انہیں سخت محنت کرنا ہوگی ،صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف ہر ہفتہ میں 3سے 4گھنٹے محکمہ صحت کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہیں، انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے شبانہ روز کوشاں ہے، اس سلسلہ میں سیالکوٹ ، گوجرانوالہ ، ساہیوال اورگجرات میں کامیابی سے میڈیکل کالجز کا اجراء حکومتی کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جارہا ہے ،صوبائی وزیر صحت نے گوجرانوالہ میڈکل کالج گوجرانوالہ کی انتظامیہ کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کے مطالبہ کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ وہ سمجھتے ہیں میڈیکل کالج کو ریگولر بنیادوں پر چلنے کیلئے فیکلٹی کو مستقل ہونا چاہئے اس سلسلہ میں بھر پور کوشش کی جائے گی، انہوں نے کہاکہ وہ ڈاکٹرز ،سٹاف اورمحکمہ کے مابین اختلافات پر کبھی پارٹی نہیںبنے بلکہ ہمیشہ ثالث کا کردار ادا کیا ہے ، انہوں نے کہاکہ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا جس کے قیام کیلئے ہمارے بڑوں نے آگ و خون کا دریا پار کیا تھا، قبل ازیں پرنسپل جی ایم سی ڈاکٹر آفتاب محسن نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ گوجرانوالہ میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن میں آج98طلبہ و طالبات ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کررہے ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی معاونت اور کوششوں سے ٹیچنگ ہسپتال کا خواب حقیقت کا روپ دھار چکاہے ، انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ میڈکل کالج پاکستان کا بہترین میڈیکل کالج بن چکا ہے اور یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و طالبات معاشرے میں صحت کی سہولیات کوبہتر بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے ، قبل ازیں ڈاکٹر نائلہ توکل نے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات سے پیشہ وارانہ امور کی ایمانداری اور بلاامتیاز انجام دہی کا حلف لیا جبکہ آرگنائزر ڈاکٹر فاریہ ممتاز نے مہمانان گرامی کاشکریہ ادا کیا،دریں اثناء صو بائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ڈی سی آفس گوجر انوالہ میں منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس میں انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائز ہ لیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈ پٹی کمشنرمحمد عامر جان ‘ ایم پی اے محمد نواز چو ہان ‘ اے ڈی سی جی میڈم حفصہ رانی کنول ‘ چیئرمین ضلع کونسل مظہر قیوم ناہرا‘ پرنسپل گوجرانوالہ میڈیکل کالج ڈاکٹر آفتاب محسن‘ ڈی ایچ او ڈاکٹر صاحبزادہ فرید‘ چیئرمین پی ایف سی ہیلتھ عمران قیوم بٹ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید اللہ خاں‘ ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر انور امان ‘ ڈپٹی ڈائر یکٹر ماحولیات رانا اصغر علی طاہر‘ ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی مہران افضل‘ کے علاوہ دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اجلاس میں شریک تھے ،صو بائی وزیر نے کہا کہ محکمانہ کو آرڈینیشن پہلے سے بہتر کریں اس کے علاوہ انسداد ڈینگی سرویلینس سر گرمیوں کو ڈینگی سیزن کے اختتام کے بعد بھی جاری رکھاجائے تاکہ ڈینگی مچھرکی پرورش کا کو ئی امکان نہ رہے۔

انہوںنے کہاکہ ڈینگی کا سیزن دسمبر کے وسط تک رہتاہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ صحت ‘ ماحولیات اور دیگر متعلقہ ادارے انسداد ڈینگی کی سر گرمیاں پور ی سر عت کے ساتھ جاری رکھیں اس کے علاوہ آگہی مہم بھی جاری رکھی جائیں،انہو ںنے کہاکہ شوشل موبلائزیشن اور طلبا ئو طالبات کے ذریعے ڈینگی سے بچائو کا پیغام گھر گھر پہنچایا جائے، انہوںنے کہا کہ تمام یونین کونسل کے منتخب بلدیاتی نمائندوں اور پارلیمنٹیرینز کا تعاون بھی ضرور حاصل کریںتاکہ نچلی سطح تک انسداد ڈینگی کو فعال کیا جا سکے، انہوں نے کہاکہ ڈیش بورڈ پر ڈینگی کے تمام مریضوں کا ڈیٹا 6 گھنٹے کے اندر اندر اپ لوڈ کیا جائے اور اس سلسلہ میں فوکل پرسن مزید ذمہ دارانہ کردار ادا کریں، اس موقع پر ڈ پٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو بتایا ضلعی اورتحصیل سطح پر انسداد ڈینگی کے اجلا س منعقد کئے جار ہے ہیں جن میں ایسے پہلوئو ں پر خصوصی اقدامات کئے جاتے ہیں جہاں پر محکمہ صحت اور ماحولیا ت کی کیمٹیوں کوضلعی انتظامیہ اورپولیس کی مدد درکار ہو تی ہے اور جہاں پر ڈینگی کالاروا ملتا ہے وہاں ذمہ داروں کے خلاف بھی اقداما ت کئے جاتے ہیں اور ایف آئی آراندراج بھی کیا جاتا ہے، انہوںنے مزید بتایا کہ سرامکس انڈسٹری‘ دفاتر‘ قبرستانوں‘ اور ٹائر شاپس کے علاوہ گھروں میں گملوں‘ ایئر کولر اور دیگر ایسے مقامات جہاں پر ڈینگی مچھر پرورش پا سکے وہاں پر کیمیکل اورکمینیکل لاروا سائیڈنگ کی جاتی ہے تاکہ ڈینگی کا خاتمہ کیا جا سکے ،بعد ازاں صو بائی وزیر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹراما سنٹر سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اس موقع پر شعبہ یورالوجی ‘ ٹرانسپلانٹ سنٹر ‘ ایم آر آئی سنٹر اور بچہ وارڈ میں نئی نرسری کے قیام ‘ امراض چشم ‘ او رکڈنی ٹرانسپلانٹ سنٹر کا بھی افتتاح کیا اور ڈاکٹروں کو ہدایات جاری کیں۔