بغیر لیول کھیتوں میں ڈرپ اریگیشن سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے، ماہرین زراعت

ہفتہ 23 ستمبر 2017 15:59

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2017ء)ماہرین زراعت نے کہاہے کہ بغیر لیول اور اونچے نیچے کھیتوں میں ڈرپ اریگیشن سے بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے کیونکہ اس سسٹم کے تحت زمین کو ہموار کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ یہ نظام کلراٹھی زمینوںمیں بھی اسی طرح کارآمد ہے جس طرح ناہموار رقبہ جات پر۔

انہوں نے کہاکہ ڈرپ اریگیشن کے ذریعے پانی پودوں کی جڑوں کو مہیا کیا جاسکتاہے جس سے جڑوں کے ارد گرد موجود نمکیات دور چلے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ نمکیات ختم ہونے سے پودا بہتر طریقے سے نشوونما پاتاہے۔ انہوںنے بتایاکہ شعبہ اصلاح آبپاشی محکمہ زراعت نے بھی زرعی ماہرین کی مشاورت سے پنجاب میں آبپا ش زراعت کی پیداوار بڑھانے کے منصوبہ کا آغاز کیاہے جس کے تحت بہتر استعداد کار والا جدید نظام آبپاشی ڈرپ اریگیشن سسٹم کاشتکاروں کو رعائتی نرخوں پر فراہم کیا جارہاہے ۔

انہوںنے کہاکہ اس سسٹم کی فراہمی کیلئے 60فیصد اخراجات حکومت پنجاب برداشت کررہی ہے اور 40 فیصد رقم متعلقہ کاشتکاروں کو ادا کرنا ہو گی۔ انہوںنے بتایاکہ اس نظام سے زیادہ سے زیادہ رقبہ زیر کاشت لاکر سر سبز زرعی انقلاب کاخواب شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔