نظام قدرت میں توازن برقرار رکھنے کیلئے جانوروں کاتحفظ ناگزیر ہے ، ڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب

بدھ 4 اکتوبر 2017 19:15

لاہور۔4 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2017ء) ڈائریکٹرجنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں 1929 سے منائے جا رہے جانوروں کا عالمی دن منانے کا بنیادی مقصد لوگوں میں ان کی اہمیت بارے آگہی پیدا کر نے کا ساتھ ساتھ ان کی بہتری کے لئے اقدامات کرنا ہے، کرہ ارض پر پائے جانیوالے جانوروں کی حفاظت و نگہداشت وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں جانوروں کے ساتھ بہتر برتائو کی پالیسی اپنانا ہو گی۔

انہوں نے یہ بات یہاں لاہور چڑیا گھر میں جانوروں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر چڑیاگھر حسن علی سکھیرا ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ، ڈپٹی ڈائریکٹر چڑیاگھر تنویر جنجوعہ ، محکمہ کے دیگر افسران و سٹاف، میڈیا کے نمائندے ، یونیور سٹیوں کے طلبا و طالبات اور چڑیاگھر میں سیر کے لیے آنیوالے شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

خالد عیاض خان نے کہا کہ جنگلی حیات ہماری بھرپور توجہ کی متقاضی ہے اور ماحول کی خوبصورتی کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کی معدوم ہوتی نسلوں کی حفاظت اور ان کی مناسب دیکھ بھال کرنا ہمارا انسانی و دینی فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھر وں میںموجود جانوروں کی خوراک اور علاج معالجے کے لئے ہر ممکن اقدامات کیئے گئے ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں موجود مختلف اقسام کے جانوروں کی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

اس موقع پر چڑیاگھر انتظامیہ نے نومولود چیتے کے بچے کو نمائش کیلئے بھی پیش کیا گیا۔ مزید برآں تفریح کے لئے آئے بچوں کی جانوروں بارے معلومات میں اضافے کے لئے حنوط شدہ جانوروں کے سٹالز اور خصوصی طور پر محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے مختلف جانوروں بارے معلوماتی کتابچوں اور سٹکرز کا بھی سٹال لگایا گیا تھا جو تفریح کے لئے آنے والوں خصوصا بچوں کی دلچسپی کا مرکز رہا۔

متعلقہ عنوان :