درگاہ فتح پورشریف میں عرس کے دوران خودکش دھماکا،18افراد جاں بحق،30 زخمی

دھماکا درگاہ کے داخلے کے گیٹ پر ہوا،جاں بحق اور زخمیوں میں پولیس اہلکاربھی شامل، پولیس اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ بھی ہوئی،امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 اکتوبر 2017 21:10

درگاہ فتح پورشریف میں عرس کے دوران خودکش دھماکا،18افراد جاں بحق،30 زخمی
جھل مگسی(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 اکتوبر2017ء ) : جھل مگسی کے علاقے میں درگاہ فتح پورشریف میں عرس کے دوران دھماکاہوگیا،دھماکے میں 18افراد جاں بحق جبکہ 30افراد زخمی ہوگئے ہیں،جاں بحق اور زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جھل مگسی کے علاقے میں درگاہ فتح پور شریف میں دہشتگرد دھماکا ہوگیا ہے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور دور تک سنائی دی گئی۔

دھماکے کے ساتھ ہی درگاہ میں بھگڈرمچ گئی۔پولیس کے مطابق جب دھماکا ہوااس وقت درگاہ میں عرس کی تقریبات جاری تھیں۔دھماکا درگاہ کے داخلے کے گیٹ پر ہوا۔ڈپٹی کمشنرکے مطابق دھماکے میں 18افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ جائے دھماکا کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیاہے۔

(جاری ہے)

جبکہ علاقے میں مشتبہ افراد کی نگرانی بھی شروع کردی گئی ہے۔

دھماکے کی نوعیت کااندازہ لگایا جارہا ہے۔زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کرنے کیلئے بھی امدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں ہیں۔وزیرداخلہ بلوچستان سرفرازبگٹی نے بتایا کہ دھماکا خودکش تھا۔درگاہ کے دروازے پرحملہ آور کوروکا گیا تواس نے خود کودھماکے سے اڑا لیا۔ دھماکے سے پہلے پولیس اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کامقابلہ بھی ہواہے۔واضح رہے 2005ء میں بھی اسی درگاہ فتح پورشریف میں دھماکا ہواتھا۔پیررکیل شاہ کے عرس میں دھماکے میں 40 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔جبکہ رواں سال دہشتگردی کا نشانہ بننے والی یہ تیسری درگاہ ہے۔
درگاہ فتح پورشریف میں عرس کے دوران خودکش دھماکا،18افراد جاں بحق،30 زخمی