اسلام آباد کے مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں اسلام آباد کے نوجوانوں کیلئے مختص کی جائیں ،طارق فضل چوہدری

اسلام آباد میں قائم قومی نوعیت کے اداروں میں تمام گریڈز میں صوبوں کے طے شدہ کوٹے کے تحت بھرتیوں کا عمل جاری رکھا جائے تمام صوبوں میں مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں ان صوبوں کیلئے ہی مختص ہیں اور ان میں اسلام آباد کا کوئی کوٹہ نہیں جس سے نوجوانوں میں احساس محرومی پایا جاتا ہے،وزیر مملکت کیڈ کا کابینہ اجلاس سے خطاب

منگل 10 اکتوبر 2017 23:26

اسلام آباد کے مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 اکتوبر2017ء)وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں اسلام آباد کے نوجوانوں کیلئے مختص کی جائیں جبکہ اسلام آباد میں قائم قومی نوعیت کے اداروں میں تمام گریڈز میں صوبوں کے طے شدہ کوٹے کے تحت بھرتیوں کا عمل جاری رکھا جائے۔

انھوں نے کہا کہ تمام صوبوں میں مقامی نوعیت کے اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی نوکریاں ان صوبوں کیلئے ہی مختص ہیں اور ان میں اسلام آباد کا کوئی کوٹہ نہیں جس کی وجہ سے اسلام آباد کے نوجوانوں میں احساس محرومی پایا جاتا ہے۔ وزیر مملکت نے کابینہ اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے وہ ادارے جن کی عملداری صرف اسلام آباد تک ہی محدود ہے ان میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی ملازمتیں اسلام آباد کے شہریوں کیلئے مختص کی جائیں ،تمام صوبوں میں یہی اصول مروج ہے اور صوبوں میں اسی اصول کے تحت بھرتیاں کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر طارق نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں پولیس ، صحت ، تعلیم ، ریونیو جیسے ادارے صرف اسلام آباد کی حدود تک اپنی خدمات فراہم کر رہے ہیں اور ان اداروں کا انتظامی اختیار فقط اسلام آباد تک محدود ہے لہٰذا ایسٹا کوڈ کے تحت ان اداروں میں گریڈ ایک سے پندرہ تک کی ملازمتیں مقامی لوگوں کو دی جائیں جبکہ اسلام آباد میں قائم قومی نوعیت کے اداروں جن کی عملداری پورے ملک میں ہے ، میں مروجہ قانون کے تحت پورے ملک سے بھرتیاں کی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ اس ایشو پرفوری غور کیا جائے اور اس پر کابینہ کی طرف سے ایک حکم جاری کیا جائے، عرصہ دراز سے اسلام آباد کے نوجوان سرکاری نوکریوں میں اپنے جائز حق سے محروم ہیں جس کا ازالہ کیا جانا چائیے۔اس سلسلے میں وزیر کیڈ کی وزیر اعظم کے سیکرٹری سے بھی ملاقات ہوئی اور قانونی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔