کٹھ پتلی حکومت ہر حوالے سے ناکا م ہو چکی ہے

چٹیا کاٹنے کے مجرموں کو فوری طور پر پکڑاجائے،اکبر لون

اتوار 15 اکتوبر 2017 12:51

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارت نواز جماعت نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اکبر لون نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی حکومت ہر حوالے سے ناکا م ہو چکی ہے جبکہ تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش انتہائی بدقسمتی ہے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اکبر لون نے ایک بیان میں کہا کہ اگر حکومت شہریوں کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتی تو اسے اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

انہوںنے کہا کہ سکولوں اور کالجوں کا بار بار بند کیا جانا لمحہ فکریہ ہے اور یہ عمل طلبا ء کے مستقبل سے کھلواڑ کے مترادف ہے۔ اکبر لون نے کہا کہ اگر پولیس نے ہی تعلیمی اداروں کو بند کرنے یا کھلارکھنے کا فیصلہ کرنا ہے تو پھر کٹھ پتلی حکوت کو سارے معاملات پولیس کے ہی سپرد کر کے واضح طور پر جموںوکشمیر کو ایک پولیس سٹیٹ قرار دے دینا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت کو سید علی گیلانی کو سلام پیش کرنا چاہیے اور ان سے برملا یہ کہنا چاہیے کہ علاقے میں حقیقی حکمرانی ان ہی کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات انتہائی بدقسمتی ہے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے مجرموں کو فوری طور پر قانو ن کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔ انہوںنے کہا کہ کٹھ پتلی حکومت عوام کا اعتماد مکمل طو رپر کھو چکی ہے لہذا محبوبہ مفتی کو مستعفٰی ہو جانا چاہیے۔