صوبائی حکومت کے وزراء ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اورفوٹوسیشن کے بعدمنصوبوں کی افتتاحی تختیاں نصب کرنے تک محدود ہیں

یونین کونسل میرپور اورپنڈکرگو خان میں کروڑوں روپے کی لاگت سے شروع ہونے والے ترقیاتی منصوبے نامکمل ہیں، حاجی سلطان،بابو خوشحال

اتوار 15 اکتوبر 2017 13:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2017ء) تحریک انصاف کے صوبائی حکومت کے وزراء ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اورفوٹوسیشن کے بعدمنصوبوں کی افتتاحی تختیاں نصب کرنے تک محدود ہیں۔ساڑھے 4 سال کے دوران ضلع ایبٹ آباد میں کوئی ترقیاتی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ایبٹ آبا دکی یونین کونسل میرپور اور پنڈکرگوخان کے تحصیل ناظمین حاجی سلطان خان جدون اوربابوخوشحال نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ صوبائی وزیرخوراک نے یونین کونسل پنڈکرگو خان میں بوائز ہائر سیکنڈری سکول کی تعمیر کیلئے 6ماہ قبل اڑھائی کروڑ کی افتتاحی تختی نصب کی۔

صوبائی وزیر نے 11کلومیٹر جرل روڈ کا ڈیڑھ سال قبل افتتاح کی۔اس منصوبہ کی افتتاحی تختی پر تخمیہ لاگت 4کروڑ روپے درج ہے۔

(جاری ہے)

ہائرسیکنڈری سکول لکھالہ اورکھنڈہ کھوہ روڈ کی تعمیر کی بھی 7کروڑ روپے کی تختی نصب کی گئی ہے۔یونین کونسل میرپور کے تحصیل کونسلر حاجی سلطان خان کے مطابق وزیراعلیٰ کے مشیربرائے ہائیر ایجوکیشن کے حلقہ میں 4سال کے دوران کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی مری روڈ کی تعمیر تاحال مکمل نہیں ہوسکی ہے۔

صوبائی وزیرہائیر ایجوکیشن کی رہائش گاہ تک مری روڈ کی تعمیر کاکام ڈیڑھ سال سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا اپر اسلام کوٹ کی سڑک کی حفاظتی دیوار کی تعمیر کے منصوبہ کا افتتاح کرنے کے بعد اس علاقہ سے سکیم ختم کردی ہے۔میرا مظفر تابانڈہ نبی روڈ کی تعمیر کی ایک کروڑ روپے کی سکیم بھی تاحال ادھوری ہے۔تحصیل کونسلرز نے کہا کہ صوبائی وزراء کے جانب سے ترقیاتی منصوبوں کے صرف افتتاح تک محدود رہنے پر دونوں حلقوں کے عوام نے آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کے دونوں صوبائی وزراء کے احتساب کا فیصلہ کیا ہے۔