امن ہم سب کی ضرورت ،اس مقصد کے حصول کیلئے پڑوسی ممالک کیساتھ مل کر جدوجہد کرنا ہوگی ، خطے میں امن کے قیام کی خواہشوں اور کوششوں کو یقینی بنایا جائے ، افضل لالا نہ خطے میں امن اور خوشحالی کے بہت بڑے علمبردار تھے

عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفندیار ولی خان کا افضل خان لالہ کی دوسری برسی کے موقع پر پیغام

بدھ 1 نومبر 2017 21:39

امن ہم سب کی ضرورت ،اس مقصد کے حصول کیلئے پڑوسی ممالک کیساتھ مل کر جدوجہد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 نومبر2017ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ امن ہم سب کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے پڑوسی ممالک کیساتھ مل کر جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن کے قیام کی خواہشوں اور کوششوں کو یقینی بنایا جائے، اے این پی کے بزرگ رہنما مرحوم محمد افضل خان لالا نہ صرف یہ کہ خطے میں امن اور خوشحالی کے بہت بڑے علمبردار تھے بلکہ وہ پشتون قومی وحدت کی بڑی علامت اور مبلغ بھی تھے۔

افضل خان لالہ کی دوسری برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ہم باچا خان بابا ، افضل خان لالا اور ہمارے دیگر اکابرین کے کردار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کی خواہش پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

اٴْنہوں نے کہا ہے کہ امن ہم سب کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے پڑوسی ممالک کیساتھ مل کر جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ خطے میں امن کے قیام کی خواہشوں اور کوششوں کو یقینی بنایا جائے۔

اسفندیار ولی خان نے کہا کہ مرحوم افضل خان لالہ ایک مدبر سیاستدان اور امن کے اصل داعی تھے ، انہوں نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ افضل خان لالہ وہ نڈر انسان ہیں جنہوں نے سوات میں امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور امن کیلئے ان کی خدمات تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھی جائیں گی ، انہوں نے کہا کہ سوات میں امن کے قیام کیلئے جان ہتھیلی پر رکھ کر کوششیں کرنے کا سہرا افضل خان لالہ کے سر ہے،انہوں نے خان لالہ کی گرانقدر خدمات کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ افضل خان لالہ مرحوم انتہاء پسندی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار تھے بد ترین حالات میں بھی وہ میدان عمل میں سرگرم رہے ،انہوں نے کہا کہ افضل خان لالہ کی وفات جمہوریت پسند اور ترقی پسند قوتوں کے لیے کسی عظیم سانحہ سے کم نہیں تھی، وہ آخری سانس تک پشتون قومی تحریک اور پشتون قومی وحدت کے علمبردار رہے، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ افضل خان لالہ کی پارٹی اور پشتون قوم کیلئے خدمات اور امن کیلئے قربانیاں رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی ۔