مسلم لیگ ن پر اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا الزام محض پراپیگنڈا ہے، اپوزیشن غیر ضروری مخالفت کر کے سیاست میں بری روایات قائم کر رہی ہے، پاکستانی قوم باشعو ر ہو چکی ہے ، اسے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا

وزیر مملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا اسلام آباد میں تقریب سے خطاب

ہفتہ 11 نومبر 2017 20:38

مسلم لیگ ن پر اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا الزام محض پراپیگنڈا ہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 نومبر2017ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پر اداروں کے خلاف محاذ آرائی کا الزام محض پراپیگنڈا ہے ، عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کرنا نئی بات نہیں، اپوزیشن غیر ضروری موضوعات پر حکومت کی مخالفت کر کے سیاست میں بری روایات قائم کر رہی ہے ، پاکستانی قوم سیاسی طور پر باشعو ر ہو چکی ہے ، اسے دھوکہ نہیں دیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت نے اسلام آباد کے علاقے بلال ٹائو ن میں گیس ، گلیوں کے تعمیراتی کام اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے لگائے گئے ٹیوب ویل کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں علاقہ عمائدین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔علاقے کو گیس کی فراہمی پر ایک کروڑ سترہ لاکھ روپے لاگت آئے گی اور منصوبہ اس سال دسمبر میں مکمل کر لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

بلال ٹائون میں گلیوں کے تعمیراتی کام پر ایک کروڑ جبکہ ٹیوب ویل کی تعمیر پر ساٹھ لاکھ روپے لاگت آئے گی۔وزیر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد میں گیس کی فراہمی پر تین ارب روپے لاگت آچکی ہے ۔پانی ، سیوریج ، گلیوں کی تعمیر اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیئے جا چکے ہیں۔وزیر مملکت نے کہا کہ مخالفین ہم پر کیچڑ اچھالنے کی بجائے اپنے صوبے میں کیئے گئے ترقیاتی کا م کی تفصیل پیش کریں۔

نواز شریف نے ہمیشہ قوم سے کیئے ہوئے وعدے مکمل کیئے ہیں ، 2013میں پیش کیا گیا مسلم لیگ ن کا ترقیاتی منشور اب حقیقت میں بدل چکا ہے ، گزشتہ سالوں میں مکمل کیئے گئے ترقیاتی کا م ماضی کے کئی عشروں کے ترقیاتی کاموں سے زیادہ ہیں۔اس دور حکومت میں ملک کی ترقی اس بات کا ثبوت ہیں کہ صرف نوازشریف ہی پاکستان کی ترقی کا واضح اور قابل عمل ویژن رکھتے ہیں۔

ملک میں نوازشریف کے جاری کیئے ہوئے پراجیکٹس کو شاہد خاقان عباسی تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بچیوں کی جدید تعلیم کیلئے ستر کروڑ روپے کی لاگت سے کمپیوٹر لیبارٹریاں تعمیر کر رہے ہیں ، وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت شہر کے 422سکولوں میں سہولیات کی فراہمی کا کام جاری ہے ، 22سکولوں میںکام مکمل کیا جا چکا ہے جبکہ 200سکولوں میں 2 ارب 74کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام جاری ہے جو اس سال مکمل کر لیا جائے گا۔