حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کی منظوری خوش آئند ہے،الیکشن بروقت ہوں گے،ختم نبوت پر مکمل یقین ہے،خواتین، مریضوں، سکول کے طلباء اور جڑواں شہروں کے مکینوں کے حقوق سلب کرنا اور ان کے راستے بند کرنا کہاں کا انصاف ہے،رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 نومبر 2017 23:03

حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کی منظوری خوش آئند ہے،الیکشن ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2017ء) رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم کی منظوری خوش آئند ہے جس سے الیکشن بروقت ہوں گے، فاٹا کی خواتین کی مخصوص نشستوں پر تحفظات ہیں، برابری کی بنیاد پر حل ہونا چاہئے، ختم نبوت پر مکمل یقین ہے لیکن خواتین، مریضوں، سکول کے طلباء اور جڑواں شہروں کے مکینوں کے حقوق سلب کرنا اور ان کے راستے بند کرنا کہاں کا انصاف ہے،جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا کے حوالے سے جو مردم شماری ہوئی ہے اس پر ہمیں تحفظات ہیں جس طرح سندھ کے تحفظات کو مشترکہ مفادات کونسل میں لایا گیا اس طرح فاٹا کے معاملے کو بھی مشترکہ مفادات کونسل میں لایا جائے، فاٹا کے عوام بالخصوص خواتین کے حقوق کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہوں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کو مسلسل کئی روز سے یرغمال بنایا گیا ہے۔ کوئی بھی مذہب بالخصوص نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات اس بات کی اجازت نہی دیتیں۔ ختم نبوت پر اب مسلمانوں کا یقین ہے دھرنے والوں کو اگر کوئی شکایت ہے تو وہ انصاف کا دروازہ کھٹکھٹائیں لیکن اس طرح سے مریضوں، بچوں، بوڑھے مسافروں کو تنگ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان گزشتہ روز کہہ رہے تھے کہ حکومت جانے والی ہے اور دھرنے والے بھی اس طرح کے پیغامات دے رہے ہیں، عمران نیازی اور دھرنے والوں کے بیانات میں مماثلت ہے، حکومت دھرنے کو ختم کرنے کیلئے پولیس کو شامل نہ کرے کیونکہ دھرنے والوں نے لاشیں گرانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے، ماضی میں ڈاکٹر طاہر القادری کے اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے لاشیں گریں اور پولیس کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا جبکہ طاہر القادری خود اس کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ دھرنے والوں کی ٓ اندھی تقلید نہ کریں اور اپنے حقوق کیلئے ایک مرتبہ نکلیں ہمیشہ کیلئے دھرنوں سے نجات مل جائے گی۔