سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کا آغاز

پیر 20 نومبر 2017 16:32

قصور۔20 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2017ء)ڈپٹی ڈی او زراعت قصورچوہدری اعجازنے کہاہے کہ خادم پنجاب کسان پیکیج کے تحت سورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے سبسڈی کی فراہمی کا آغازکردیاگیاہے‘رجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ وائوچر 5000روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے جبکہ اس منصوبہ کے تحت رجسٹرڈکسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کیلئے 10ایکڑ تک سبسڈی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں کاشتکاروں ‘کسانوں اور میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ سورج مکھی کی بوری سے ملنے والے وائوچرکا نمبراپنے شناختی کارڈ کے ہمراہ 8070پر بھیجیں اور تصدیقی SMSموصول ہونے پر قریبی موبائل شاپ سے فوری 1000روپے حاصل کریں جبکہ بقایارقم فصل کی کٹائی پر موصول ہونیوالے SMSکی بنیاد پر حاصل کرسکتے ہیں،انہوں نے مزیدکہا کہ سورج مکھی کی منافع بخش کاشت سے نہ صرف کسان خوشحال ہوگا بلکہ خوردنی تیل کی ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیساتھ کثیرزرمبادلہ کے حصول سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی‘حکومت پنجاب اور اے پی ایس ای اے کے مشترکہ تعاون سے علاقائی سطح پر فصل کے خریداری کے مراکزکاقیام بھی عمل میں لایاجارہاہے‘سورج مکھی کی 2500روپے فی من فروخت میں کمی بیشی کو مدنظررکھتے ہوئے کاشتکار کی مالی معاونت بھی کی جائے گی۔