نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،کوہلی نے سمتھ کی بادشاہت خطرے میں ڈال دی

جمعرات 7 دسمبر 2017 15:20

نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ،کوہلی نے سمتھ کی بادشاہت خطرے میں ڈال دی
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6دسمبر2017ء)انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور ان کے سری لنکن ہم منصب دنیش چندیمل نے اپنی شاندار پرفارمنسز کے ذریعے رینکنگ مزیدبہتر بنائی ہے ۔ نئی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے سری لنکا کیخلاف نئی دہلی ٹیسٹ میں 243اور50رنز کی شاندار ااننگز کھیل کر رینکنگ میں ہم وطن چتیشور پجارا، کین ولیمسن اور جو روٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیاہے،کوہلی اب پہلی پوزیشن پر موجود آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ سے 45پوائنٹس پیچھے ہیں اور ان کی نظریں اب ٹیسٹ ، ون ڈ ے اور ٹی ٹونٹی میں بہترین بلے باز بننے پر لگی ہوئی ہیں ، ا س سے قبل دسمبر 2005ءاور جنوری 2006ءمیں سابق آسٹریلوی قائد رکی پونٹنگ نے تینوں فارمیٹس میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا تھا اور بعد ازاں میتھیو ہیڈن نے بھی یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی اوپنر مرلی وجے رینکنگ میں3درجے ترقی پاکر 25ویں اور روہت شرما 6درجے پھلانگ کر 40ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔سری لنکن کپتان دنیشن چندیمل بھی شاندار سنچری سکور کرنے کے صلے میں 8سیڑھیاں چڑھ کر9ویں پوزیشن پر آگئے ہیں ،وہ پہلی مرتبہ رینکنگ میں ٹاپ 10بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہوئے ہیں ،آ ل راﺅنڈر اینجلو میتھیوز 111رنز کی اننگز کھیل کر 30ویں سے 23ویں اور دھننجیا ڈی سلوا56ویں سے47پوزیشن پر آگئے ہیں ۔

کینگرو بلے باز شان مارش انگلینڈ کیخلا دوسرے ایشز ٹیسٹ میں سنچری سکور کرکے 33ویں سے 27نمبر پر آچکے ہیںجبکہ مچل سٹارک8ویں سے چھٹی اور پیٹ کمنز 45ویں سے 43ویں نمبر پر آئے ہیں ۔ برطانوی کپتان جو روٹ بدستور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ اوپنر مارک سٹون مین 18درجے ترقی پاکر 83ویں نمبر پر آگئے ہیں ، باﺅلر میں کرس ووکس ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں 5شکار کرکے 33ویں سے 28پوزیشن پر آئے ہیں ۔

نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ٹام بلنڈل نے 70ویں پوزیشن کے ساتھ رینکنگ میں اینٹری ماری ہے جبکہ کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی 35سیڑھیا ں چڑھ کر75ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں،باﺅلرز میں نیل ویگنر نے2درجے ترقی پاکر7ویں پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ۔ویسٹ انڈین اوپنر کرگ براتھ ویٹ 2درجے ترقی پاکر17ویںنمبر پر پہنچے ہیں جبکہ باﺅلرزمیں کیمار روچ 3سیڑھیاں پھلانگ کر20ویں اور میگویل کمنز4درجے ترقی کے ساتھ 77ویں نمبر پر موجود ہیں ۔ ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں سری لنکا کیخلاف 3ٹیسٹ میچز کی سیریز میں محض 1-0 سے کامیابی کے باعث بھارت کو ایک پوائنٹ گنوانا پڑا ہے تاہم اب بھی اسے دوسرے نمبر پر موجود جنوبی افریقہ پر 13پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔