یوم قائدؒ کی تقریبات بھرپور اور شاندار طریقے سے منائی جائیں گی

ہر ضلع میں یوم قائدؒ کی تقریبات کے حوالے سے خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائینگے ،وز یراعلیٰ کی زیرصدارت ا جلاس میں فیصلہ

جمعہ 8 دسمبر 2017 21:32

یوم قائدؒ کی تقریبات بھرپور اور شاندار طریقے سے منائی جائیں گی
لاہور۔8 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2017ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں یوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کے موقع پر صوبے میں تقریبات اورپروگرامز کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب بھر میں یوم قائدؒ کی تقریبات بھرپور اور شاندار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا۔

یوم قائدؒ کی تقریبات 7 روز تک جاری رہیں گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر ضلع میں یوم قائدؒ کی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور یوم قائدؒ کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔

(جاری ہے)

قائداعظم محمد علی جناحؒ کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے عظیم جدوجہد کی۔

بابائے قومؒ کے یوم پیدائش کو شایان شان طریقے سے منانا ہماری قومی اور ملی ذمہ داری ہے۔ نئی نسل کو قائدؒ کے پیغام سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت قائدؒ کے خواب کو حقیقی تعبیر دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ یوم قائدؒ کے حوالے سے تقریبات اور پروگراموں کو جلد حتمی شکل دی جائے۔صوبائی وزراء مجتبیٰ شجاع الرحمن، رانا مشہود احمد، ترجمان پنجاب حکومت ملک محمد احمد خان، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، ڈی جی لاہور والڈ سٹی، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔