رانا ثناء اللہ سے استعفی لے لیا گیا ،ذرائع کا دعوی

بدھ 13 دسمبر 2017 13:03

رانا ثناء اللہ سے استعفی لے لیا گیا ،ذرائع کا دعوی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔13دسمبر2017ء):حکومت نے پیر حمید الدین سیالوی کے مطالبے کو مانتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے تحریری استعفٰی لے لیا ہے ۔ قومی اخبار خبریں کے مطابق رانا ثنا اللہ کے استعفے کا باقاعدہ اعلان جلد کر دیا جائے گا ۔ جلد اعلان نہ ہونے کی صورت میں سیال شریف کے ذمہ داروں نے لاہور کی ختم نبوت کانفرنس میں مزید 10اراکین اسمبلی کے استعفوں کی تیاری بھی کر لی ہے ۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی انتہائی ذمہ دار شخصیت نے پیر سیالوی سے رابطہ کر کے انہیں آگاہ کیا کہ پیر حمید الدین سیالوی کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا ہے ,اس لئے لاہور کے ممکنہ دھرنے سمیت اس حوالے سے مزید احتجاج مؤخر کر دئیے جائیں ۔ سیال شریف کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ وعدہ وفا نہ کیا گیا تو جوابی حکمت عملی کے طور پر ختم نبوتﷺ کی کانفرنس میں پانچ سے 10اراکین اسمبلی کے استعفے پیش کر دیئے جائیں گے جبکہ فیصل آباد میں ایک لاکھ سے زائد لوگوں کے اجتماع نے وزیر قانون کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ۔

(جاری ہے)

مزیر یہ کہ لاہور میں اجتماع منعقد کرنے کا اعلان حکومت کے اقتدار میں آخری کیل ثابت ہو گا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے پیر حمیدالدین سیالوی کو ٹیلی فون کر کے ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی جس کے بعد پیر حمیدالدین کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا ۔یاد رہے کہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے پیر حمیدالدین سیالوی پر الزام بھی عائد کر رکھا ہے کہ پیر صاحب اپنے بیٹے کے لئے فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کی نشست کا ٹکٹ مانگ رہے تھے ۔