زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے ، زرعی ماہرین

پیر 8 جنوری 2018 20:21

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جنوری2018ء) ترجمان محکمہ زراعت پنجاب ریسرچ انفارمیشن یونٹ فیصل آباد نے کہا ہے کہ زیادہ سردی اور کورے کے باعث پودوں کے تنوں، شاخوں اور پتوں کے خلیوں میں پانی جم کر برف بن جاتا ہے جس سے پودوں کی بڑھوتری بری طرح متاثر ہوتی ہے اور شدید سردی کی وجہ سے پودے مر بھی جاتے ہیں اس لئے پودوں کو زیادہ سردی اور کورے سے بچانے کے لئے کاشتکاردرج ذیل سفارشات پر عمل کریں۔

نئے اور چھوٹے باغات جبکہ نرسریوں خصوصاً آم کے پودوں کو کورے کی وجہ سے جھلسنے کا خطرہ ہوتا ہے اس لئے پودوں کو فوری طور پر ڈھانپ دیں۔ ٹہنیوں اور سرکنڈے سے بھی پودوں کو جزوی طور پر ڈھانپا جا سکتا ہے۔ مشاہدہ میں آیا ہے کہ بعض اوقات کاشتکار کھاد والی پلاسٹک کی بوریوں سے پودوں کو ڈھانپ دیتے ہیں ایسی صورت میں بوریوں کا منہ نیچے سے کھلا رکھیں اور دن کے وقت پودوں سے بوریاں اتار دیں جبکہ رات کے وقت پودوں کو دوبارہ ڈھانپ دیں۔

(جاری ہے)

فصلات، باغات اور سبزیوں کو ہلکی آبپاشی کریں ۔ باغات میں پودوں کے تنوں کو بورڈ و پیسٹ لگائیںچھوٹی نرسریوں اور سبزیوں کو پلاسٹک شیٹ سے ڈھانپ دیں اور فصل کے شمال کی طرف سرکنڈہ لگا دیں تاکہ فصل شمال کی طرف سے آنے والی ٹھنڈی ہوا سے محفوظ رہے ضرورت پڑنے پر چھوٹی نرسریوں، باغات اور سبزیات کو کورے اور زیادہ سردی سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کے نزدیک بعد از سہ پہر دھواں کریں۔

پلاسٹک ٹنل میں کاشتہ سبزیاں بھی زیادہ سردی اور کورے سے متاثر ہو سکتی ہیں اس لئے کورے والی راتوں میں ٹنل کا منہ اندر سے بند کریں تاکہ اندر کا درجہ حرارت سبزیوں کی نشوونما کے لئے موزوں رہے اور دن کے وقت 10بجے ٹنل کا منہ کھولیں تاکہ ٹنل کے اندر کا درجہ حرارت بڑھنے نہ پائے اور شام کو 4بجے ٹنل کا منہ بند کر دیں تاکہ فصل کورے سے متاثر نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :