آم کے پودوں کو کورے سے بچانے کیلئے بروقت پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت

بدھ 10 جنوری 2018 16:07

فیصل آباد۔10 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2018ء)آم کے باغبانوں کو باغات میں دوسری فصلیں کا شت نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پودوں کی خوابیدگی پر برا اثر نہ پڑے نیزخوابیدگی کے دوران آم کے پودوں کو کورے سے بچانے کیلئے بروقت پیشگی اقدامات بھی ضروری ہیں ،محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ آم کے باغبان عام طورپر آم کے باغات میں دوسری فصلیں برسیم ،گندم وغیرہ بھی کاشت کرلیتے ہیں جن کو نائٹروجنی کھاد اور آبپاشی کی ضرورت ہوتی ہے مگر یہ عوامل آ م کے پودوں کو نباتاتی نشو ونما کی طرف مائل کرتے ہیں ،اس طرح کاربوہائیڈریٹس اور نائٹروجن کا تناسب نہیں رہتا جس سے پودوں میں نباتاتی بڑھوتری شروع ہو جاتی ہے اور پودوں میں پھول نکلنے کی بجائے نباتاتی شگوفے بننا شروع ہو جاتے ہیں جو بعض اوقات بے قاعدہ ثمر آوری کابھی باعث بنتے ہیں لہٰذا آم کے باغبانوں کو چاہیے کہ وہ آم کے باغات میں دوسری فصلیں کاشت نہ کریں ۔