کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں کو خوبصورت، سرسبز و شاداب بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، سٹیشن کمانڈر ایبٹ آباد بریگیڈیئر فیصل اور کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ذوفشاں منظور

جمعہ 12 جنوری 2018 10:40

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جنوری2018ء) سٹیشن کمانڈر ایبٹ آباد بریگیڈیئر فیصل اور کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر ذوفشاں منظور نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کنٹونمنٹ بورڈ کے علاقوں کو خوبصورت، سرسبز و شاداب بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کنٹونمنٹ ایجوکیشن سسٹم اور وویمن سکل سنٹر کے قیام سے طلباء و طالبات کو تعلیمی میدان میں جہاں مواقع دستیاب ہوں گے وہیں خواتین ہنر حاصل کر کے اپنے علاقہ اور ملک کی کارآمد شہری بن سکیں گی۔

جمعہ کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بریگیڈیئر فیصل اور ذوفشاں منظور نے کہا کہ ایبٹ آباد میں نکاسی آب کے مسئلہ کے حل کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے، مون سون سے قبل کینٹ کی حدود میں موجود بڑے اور چھوٹے نالوں کا صفائی کا کام مکمل کر لیا جائے گا، نالوں پر قائم تجاوزات کے خاتمہ کے لئے بھی آپریشن جاری ہے جس سے ایبٹ آباد کینٹ کی مانند پڑنے والی رونقیں دوبارہ سے بحال ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کینٹ کو خوبصورت اور دلکش بنانے کے لئے جدید سولرز لائٹس نصب کی جا رہی ہیں اور ساتھ ہی عنقریب ’’ ایک آنگن ایک پودا‘‘ کے نام سے شجر کاری مہم کا آغاز کیا جائے گا، اس مہم کے تحت شاہراہ قراقرم پر پودے لگائے جائیں گے اور کینٹ کے ہر گھر میں ایک پودا کینٹ بورڈ خود لگائے گا تاکہ ایبٹ آباد کینٹ کو سرسبز و شاداب بنا کر ہمیشہ کیلئے ماحولیاتی آلودگی سے پاک کیا جا سکے۔

منڈیاں کالج روڈ، پی ایم اے لنک روڈ، کریم پورہ، ہل روڈ اور سرکلر روڈ کی پختگی اور ان کے ساتھ شہریوں کی سہولت کیلئے فٹ پاتھ تعمیر کئے جا رہے ہیں جس سے شہریوں کی مشکلات کم ہوں گی جبکہ ایبٹ آباد کنٹونمنٹ پبلک پارک کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے، پارک میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے سیکورٹی کیمرے نصب کئے جا رہے ہیں جس سے شہریوں اور سیاحوں کو محفوظ تفریح کے مواقع ملیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جناح آباد کیمونٹی سنٹر جو ایک نجی سکول کو کرایہ پر پہلے سے دیا گیا، بھی سکول کی دوسری جگہ منتقلی کے بعد جناح آباد اور حبیب الله کالونی کے مکینوں کو واپس لوٹا دیا جائے گا، کنٹونمنٹ ایجوکیشن سسٹم میں معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے اعلیٰ تعلیم یافتہ اساتذہ کی تعیناتیاں کی جا رہی ہیں اور داخلوں کا سلسلہ بھی شروع ہے، عنقریب ایبٹ آباد کا یہ تعلیمی ادارہ معیاری تعلیم کے فروغ میں ملک بھر کی پہچان بنے گا۔

متعلقہ عنوان :