مولانا آزاد ؒکے نظریہ اتحاد کو اپنا کرہی امت کو فرقہ پرستی و انتہاء پسندی سے بچایا جا سکتا ہے‘مولانا عبدالخبیر آزاد

حالیہ قصور میں معصوم بچی زینب کے ساتھ درندگی کے المناک واقعہ کی شدید مذمت کی گئی ، مجرم کو قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا گیا اسلام وحدتِ اُمت کا پیغام دیتا ہے،اُمت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا ایک ہی حل وحدتِ اُمّہ میں ہے ‘ اتحاد امت کانفرنس سے سردارمحمد یوسف ،مولانا سید عبد الخبیر آزاد،سیکرٹری اوقاف اعجاز احمد،ڈی جی اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، مفتی مبشر احمد ،مفتی عبد المعید اسعد،مولانا امجد خان، مولانا مسعود قاسم قاسمی،مفتی سید عاشق حسین ، ودیگر کا خطاب

جمعہ 12 جنوری 2018 19:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جنوری2018ء) تاریخی عالمگیری بادشاہی مسجد لاہور کے سابق خطیب امام السلاطین داعی اتحاد امت و بانی اتحاد بین المسلمین مولانا ڈاکٹر سید محمد عبد القادر آزادؒکی یاد میں اِتحاد اُمت کانفرنس۔ خطیب بادشاہی مسجدو چیئر مین مجلس علماء پا کستان مولانا سید عبد الخبیر آزاد کی زیرنگرانی اور وفاقی وزیر مذہبی ا مورو نیشنل ہارمنی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں سیکرٹری مذہبی امور اعجاز احمد،مہمانان گرامی میںڈائریکٹر جنرل مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری ،مولانا مفتی مبشر احمد،علامہ مفتی سید عاشق حسین ،مولانا حسین احمد اعوان، مفتی عبد المعیداسد،مولانا امجد خان، مولانا مسعود قاسم قاسمی،مولانامفتی سیف اللہ خالد سمیت دیگ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے مولانا سیدعبد الخبیر آزاد نے کہا کہ سفیر امن مولانا ڈاکٹرسید عبد القادر آزادؒ نے پوری زندگی اتحاد امت کیلئے وقف کیئے رکھی وہ اتحاد امت اوراتحاد بین المسلمین کے بانی اور داعی تھے،اپنے دور خطابت میں بادشاہی مسجد کو امن و اتحاد کا مر کز بنائے رکھا۔ انہوں نے مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی اور رواداری کی بنیاد رکھی، اسلام وحدت ِامت کا پیغام دیتا ہے،آج بھی مولانا آزاد ؒ کے نظریہ اتحاد کو اپنا کر ہی امت کوگروہ بندی، فرقہ پرستی و انتہاء پسندی سے بچا یا جا سکتا ہے۔

وفاقی وزیرسردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا ڈاکٹرسیدمحمد عبد القادرآزادؒ نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں امن کی شمع روشن کی اور پوری دنیا میں امن کے پیغام کو عام کرنے کیلئے بے مثال جدو جہد کی جس کا اعتراف دنیا آج بھی کرتی ہوئی نظر آتی ہے، سفیرامن مولانا ڈاکٹرسید عبد القادر آزاد ؒ کی عالمی امن ، دینی،ملی ، امن و سلامتی و اتحاد کے سلسلے میں گرانقدرخدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

سیکرٹری اوقاف اعجاز احمد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش تمام تر چیلنجز کا مقابلہ صرف اور صرف امن و اتحاد سے اور وحدت اُمہّ سے ہی کیا جا سکتا ہے اور اس طرح وطن عزیز پاکستان جن گھمبیر حالات سے دو چار ہے ایسے میں آج ملک کو امن واتحاد و یکجہتی کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج امت مسلمہ کومولانا آزاد کے امن واتحاد کے نظریہ کو اپنانے کی ضرورت ہے اسی میں ہی ان کی فلاح و کامیابی کا راز مضمر ہے ۔

دیگر مقررین نے بھی سفیر امن مولاناڈاکٹر سیدعبد القادر آزادؒ کی خدمات کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور اپنے اپنے خطابات میں کہا کہ مولانا آزاد مرحوم نے دنیا کے کونے کونے تک اسلام کے پیغام امن کو پہنچایا مسلم دنیا کے حکمرانوں کے ساتھ ساتھ غیر مسلم دنیا کے حکمران بھی انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتے تھے ،مولانا آزاد ؒنے 1974کو اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر 56 اسلامی سربراہان ممالک کی امامت کروائی ،جس میں اس وقت کے سعودی عرب کے فرماں روا شاہ فیصل شہید، صدر صدام حسین، کرنل معمر قذافی ،جمال عبد الناصر،یاسر عرفات ، اور ذوالفقار علی بھٹو مرحوم اورد یگر ممالک کے فرماں روا بادشاہ اورصدور شامل تھے جس پر مولانا آزاد ؒ کو امام السلاطین کا لقب عطاء ہوا، یہ بات قابل ذکر ہے کہ مولانا مرحوم کے ہاتھ پر ہزاروںغیر مسلم مشرف بہ اسلام ہوئے، کانفرنس میںحافظ نعمان حامد ،مولانا عبد الستار نیازی ،مولانا ولی اللہ ، عزیز احمد ملک ،پروفیسر عبد الحمید ،مولانا اصغر چشتی،الحاج خواجہ جاوید اسلم صحاف، سید عبد القدیر آزاد،بلال احمد میر صاحبزادہ عبد البصیر آزاد، سید عبد الکبیرآزاد،سید عبد النصیر آزاد،سید عبد الرزاق کے علاوہ شاعر اسلام اسامہ اجمل قاسمی نے بھی ہدیہ عقیدت پیش کیا ۔

متعلقہ عنوان :