لاہور ائیر پورٹ پر پارکنگ ٹھیکے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم کو آخری خط

پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013ء اور فریڈم آف انفارمیشن آرڈیننس 2002ء کے تحت معلومات فراہم کی جائیں ‘ اس کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا ‘ درخواست گزار اظہر صدیق ایڈوکیٹ

منگل 23 جنوری 2018 15:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جنوری2018ء) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پارکنگ ٹھیکے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے وزیراعظم کو آخری خط لکھ دیا گیا ۔جوڈیشل ایکٹویزم پینل کے سربراہ ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی جانب سے لکھے گئے خط کی کاپی صدر مملکت ،سیکرٹری فنانس ،سیکرٹری ایوی ایشن اور دیگر کو بھجوائی گئی ہے ۔

خط میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر مسافر پارکنگ کی توسیع کے ٹھیکے سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ائیرپورٹ پر پارکنگ منصوبے کی توسیع کی ضرورت پیش کیوں آئی ،پارکنگ منصوبے کی فیزیبیلٹی رپورٹ کس نے تیار کی ،پارکنگ توسیعی منصوبے کے لیے کیا پیپرا رولز پر عمل کیا گیا اور ٹھیکہ کس کمپنی کو کس قانون کے تحت دیا گیا ،توسیعی منصوبے کے ٹھیکے کے لیے نیلامی کیسے کی گئی اور کیا اخبار میں اشتہار دیا گیا ،منصوبے سے متعلق اگر وفاقی کابینہ سے مشاورت کی گئی تو منٹس آف میٹنگ فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

خط میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 19 اے کے تحت معلومات تک رسائی ہر شہری کا حق ہے ،پنجاب ٹرانسپرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013ء اور فریڈم آف انفارمیشن آرڈیننس 2002ء کے تحت معلومات فراہم کی جائیں ۔معلومات تک رسائی کے لیے متعلقہ حکام کو آخری خط لکھا جارہا ہے جس کے بعد ہائیکورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :