لہسن کوبیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کی ہدایت

منگل 30 جنوری 2018 14:42

فیصل آباد۔30جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2018ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ بہتر پیداوار کیلئے لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں اور نقصان رساں کیڑوں کے حملے سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کیے جائیںکیونکہ لہسن کے پتوں اور تنے کے گلائو کی بیماری فصل پر کسی بھی مرحلے میں حملہ آور ہو سکتی ہے لیکن مرطوب موسم زیادہ خطرناک ہوتا ہے جبکہ نمدار موسم میں اس بیماری کے جراثیم پتوں اورتنوں پر بھورے رنگ کے دھبوں کی شکل میں نمودار ہوتے ہیں اور بعد میں ان کا رنگ سرخی مائل سا ہو جاتا ہے جس کے بعد متاثرہ پتے اور تنے گلنے سڑنے لگتے ہیں اوربیماری کی شدت کی صورت میں پودا مر جاتا ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت فیصل آباد کے ترجمان نے بتایاکہ لہسن کے پتوں کے جھلسائو کی بیماری سب سے پہلے لہسن کے پتوں کے سروں سے شروع ہوتی ہے جس سے فصل کے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں ۔انہوںنے بتایاکہ حملے کی شدت میں تمام پتے خشک ہو کر چڑ مڑ ہو جاتے ہیں جس سے لہسن کی گٹھیوں کا سائز چھوٹا رہ جاتا ہے اور پیداوار کم ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید معلومات ، مشاورت اور رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جاسکتاہے۔