سٹیویا نفع بخش ادویاتی پودا ہے ، پراجیکٹ ڈائریکٹر

سٹیویا کی کاشت کو فروغ دے کرقیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے ،ماہرین

بدھ 7 فروری 2018 19:11

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2018ء) پراجیکٹ ڈائریکٹر سٹیویا ڈاکٹر حافظ محمد اکرم نے کہا ہے کہ چینی کے متبادل نفع بخش ادویاتی پودے سٹیویا کی کاشت کو فروغ دے کرقیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ سٹیویا (شوگر پلانٹ) کی کاشت میں خاطرخواہ اضافہ اور اس کے پتوں سے ذیابیطس سے متاثرہ افراد اور عام استعمال کیلئے گولیاں ( ٹکیاں) بنانے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

سٹیویا کے پتوں سے ایسی گولیاں ( ٹکیاں) بنائی جارہی ہیں جو چائے میں چینی کے نعم البدل کے طور پر استعمال کی جاسکتی ہیں۔ یہ گولیاں ( ٹکیاں) چینی سے پاک ہونے کی بدولت ذیابیطس کے مریضوں اور ایسے افراد جن کیلئے چینی سے پرہیز ضروری ہے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

(جاری ہے)

ماہرین کے مطابق سٹیویا کے پتے چینی سے 15 گنا زیادہ میٹھے جبکہ اس کا رس (سٹویوسائیڈ) چینی سے تقریباً 300 گنا زیادہ میٹھا ہوتا ہے۔

اس کے علاوہ سٹیویا کے پتوں میں پروٹین کی مقدار 13 فیصد جبکہ نشاستہ کی مقدار 53 فیصد پائی جاتی ہے۔ سٹیویا (شوگر پلانٹ) میں کیلشیم کی بھی وافر مقدار پائی جاتی ہے جس کی بدولت یہ خواتین اور بچوں کی ہڈیوں کی نشوونما کے لیے مفید ہے۔ ڈاکٹر حافظ محمد اکرم نے کہاکہ کاشتکار سٹیویا کی کاشت کو فروغ دے کر فی ایکڑ 8 لاکھ سے زائد آمدن حاصل کرسکتے ہیں ۔ ملک میں بڑھتی ہوئی چینی کی قیمت اور ذیابیطس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ سٹیویا کی عام کاشت اور اس سے بنائی جانے والی مصنوعات مثلاً ٹوتھ پیسٹ، چینی کے ساشی(ٹکیاں)، بیکری مصنوعات کی تیاری اور فروغ کی اہم ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :