شیر قصور دنگل کا انعقاد، چیئر مین وزیر اعظم ٹاسک فورس اعجاز گل نے افتتاح کیا

جمعہ 9 فروری 2018 21:57

قصور۔9 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 فروری2018ء)شیر قصور دنگل 2018ء محمدشہبازشریف دنگل اسٹیڈیم منیر شہید کالونی میں گزشتہ روز منعقد ہوا، چیئر مین وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے سپورٹس اعجاز گل نے دنگل کا افتتاح کیا، اس موقع پر چیئر مین پبلک فسیلیٹیشن کمیٹی برائے ہیلتھ افضال حسین زین ‘سیکرٹری پاکستان ریسلنگ فیڈریشن پاکستان محمد ارشد ستار ‘ڈسٹرکٹ ریسلنگ کوچ حاجی محمد عباس رمبا پہلوان ‘تحصیل سپورٹس آفیسرز اشفاق احمد ، رانا ندیم ‘کوآرڈینیٹرز محمود علی خاں ‘محمد کاشف اویس ‘ملک بھر سے آئے ہوئے نامور پہلوانوں اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ، چیئر مین وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے سپورٹس اعجاز گل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت روایتی کھیلوں کے فروغ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت ملک بھر میں مقابلے منعقد کروا رہی ہے تا کہ کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جا سکے اور نوجوان نسل میں ان روایتی کھیلوں بارے دلچسپی پیدا ہو، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایات پر دوسری پرائم منسٹر روایتی کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں جس میں دنگل ‘رسہ کشی ‘کبڈی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے شامل ہیں ،انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنیوالے پہلوانوں کو مبارکباد دی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی علاقائی سطح پر اس قسم کے مقابلہ جات کروانے کا سلسلہ جاری رہیگا۔