وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا اجلاس

موسم کی تبدیلی سے ڈینگی سیزن شروع ہوگیا، تمام محکمے الرٹ ہوجائیں،خواجہ سلمان رفیق

جمعہ 23 فروری 2018 20:17

وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2018ء) صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ موسم میں تبدیلی اور درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ ہی 2018کے ڈینگی سیزن کا آغاز ہوچکا ہے لہٰذ ا تمام محکمے انسداد ڈینگی کے اقدامات اور دینگی سرولنس کی سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے شروع کردیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ساتھ آٹھ سال سے ڈینگی کنٹرول کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اب کسی محکمے کو اس حوالے سے موجود SOP's پر عمل درآمد میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام محکمے ڈینگی سیزن کیلئے ضرورت کے مطابق contingencyاسٹاف کی ڈیمانڈحکومت کو بھیجوا دیں تاکہ پیک سیزن میں افرادی قوت کی کمی کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ڈینگی ورکرز کو ان کی ملازمتوں پر ریگولر کرنے کی منظوری دی گئی اور اس سلسلے میں کیس حکومت کو فوری طور پر بھیجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے یہ بات سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈسکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر اختر رشید ملک ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر شہناز ، CEOہیلتھ لاہور ڈاکٹر ید اللہ، پروفیسر وسیم اکرم، IPHاور DEAGکے ماہرین ، PITB،سپیشل برانچ اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ دیگر اضلاع کے افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی کاروائی میں حصہ لیا۔

ڈاکٹر شہناز نے بتایا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ملتان اور راولپنڈی سے ایک ایک ڈینگی کا کیس رپورٹ ہوا ہے۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ گذشتہ ساتھ ، آٹھ سال سے ڈینگی کے خلاف مہم کے دوران بھرپور عوامی آگاہی پر بھی توجہ دی جارہی ہے اور لوگ اس بارے میں آگاہ ہوچکے ہیں لہٰذا اب شہریوں کو اپنے گھروں پر ڈینگی سرولنس ٹیموں کی آمد کا انتظار کرنے کے بجائے اپنے گھروں کے اندر صفائی ، چھتوں پر پڑے کاٹھ کباڑ ، پرانے ٹائر اور دیگر ڈینگی کی افزائش کا سبب بننے والی اشیاء کو خود ٹھکانے لگانا چاہئے اور اس حوالے سے انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔

خواجہ عمران نذیر نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ڈینگی کنٹرول کے حوالے سے ناکافی اقدامات پر CEOہیلتھ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی سرزنش کی اور انہیں کل صبح آٹھ بجے لاہور طلب کرلیا۔ وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ کیس رپورٹنگ اور کیس منیجمنٹ کے حوالے سے تمام سرکاری ہسپتالوں میں سٹرانگ سپروژن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ڈینگی سرولنس کے لئے گھر گھر جانے والی ٹیموں کے ارکان محکمے کی طرف سے جاری کردہ خصوصی شناختی کارڈز آویزاں کریں تاکہ مکینوں کو انہیں شناخت کرنے میں دشواری نہ ہو۔

خواجہ عمران نذیر نے تمام اضلاع کے CEOہیلتھ کو ہدایت کی کہ وہ ڈینگی کے مشتبہ اور کنفرم مریضوں کا کیس رسپانس یقینی بنائیں ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے والے گھروں پر سرخ رنگ کا سٹیکر آویزاں کیا جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے تمام CEOہیلتھ کو کہا کہ وہ ڈینگی کنٹرول کے اقدامات میں ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے صورت حال کو مانیٹر کریں، انہوں نے کہا کہ تمام افسران گذشتہ کئی سال سے اس مہم میں حصہ لے رہے ہیںلہٰذا اب کسی کو دوبارہ ڈینگی کنٹرول کے بارے میں ABCپڑھانے کی ضرورت نہیں اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :