نوجوان نسل قوم کا اثاثہ ہے، ملک کی سیاحت پر بہترمعلومات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،چوہدری عبدالغفور

جمعرات 1 مارچ 2018 19:45

نوجوان نسل قوم کا اثاثہ ہے، ملک کی سیاحت پر بہترمعلومات فراہم کرنے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2018ء)منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن ،چوہدری عبدالغفور خان نے پی ٹی ڈی سی نے امریکن گرامر اسکول اینڈ کالجز کے ساتویں سالانہ تقریب ِ تقسیمِ انعامات کی بطور مہمان ِ خصوصی صدارت کی ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ مجھے بچوں کی پرفارمنس اور کارکردگی دیکھ کربہت خوشی ہو رہی ہے کہ ان میں آگے بڑھنے کی صلاحیتیں اور توانائی موجود ہے۔

اس سلسلے اس تعلیمی ادارے کے منتظمین اور اساتذہ مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی بدولت قوم کے معمار علم کی روشنی سے فیض یا ب ہوتے ہیں۔ تعلیم انسان کی زندگی کا وہ مرحلہ ہے جس میں والدین اور اساتذہ کی تربیت تمام عمر انسان کا ساتھ دیتی ہے۔

(جاری ہے)

طلبا و طالبات کو چاہیئے کہ گروپس اور والدین کے ساتھ اپنے وطن کی سیر کریں اور دیکھیں کی قدرت نے کس قدر فیاضی سے ہمارے ملک کو نوازا ہے۔

آپ ہماری قوم کا مستقبل ہیں اور آنے والے وقتوں میں آپ نے ہی اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اس لئے اپنے ملک کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کریں اور اس کی تفریح سے لطف اندوز ہوں۔ پی ٹی ڈی سی آپ کیلئے خصوصی رعائیت اورپیکجز بھی ترتیب دے گی۔ طلبا و طالبات اور فیملیز کیلئے پی ٹی ڈی سی نے اسلام آباد میںسٹی ٹور کا آغاز کر دیا ہے جو کامیابی سے جاری ہے۔

ملک میں سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے ٹورازم سیکٹر کو میں نے مختلف سب سیکٹرز یعنیReligious, Eco, Agri, Sports, Culture and Medical Tourism میں تقسیم کیا ہے تا کہ ہر شعبہ پر الگ سے مکمل تو جہ دی جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف یو نیورسٹیز جس میں COMSATS، Superior اور پنجاب یو نیورسٹی سے MOU سائن کرنے جا رہے ہیں ، اس کے ساتھ ساتھ ہم پرائیوٹ سکول ایسو سی ایشن کے ساتھ بھی میٹنگز کر چکے ہیں تاکہ ان یو نیورسٹیز اور سکولز کے سٹوڈنٹس ہمارے پاس آئیں اور آؤٹ ڈور ایجوکیشن کو فروغ دیا جا سکے ۔

ہم مختلف یو نیورسٹیز کے پروفیسرز کا تھنک ٹینک بنا رہے ہیں جو کہ ہمیں ٹورازم پرتجاویز دے گا اور ہم اس پر عملدآمد کریں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق سکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کنو ردلشاد نے کہا کہ ملک میں طلبا و طالبات میں سیاحت کے متعلق شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اور مجھے خوشی ہے کہ چوہدری عبدالغفور خان کی قیادت میں پاکستان ٹورازم اس مشن کیلئے کوشاں ہے۔

پی ٹی ڈی سی کی کارکردگی منہ بولتا ثبوت ہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ و ترقی کیلئے کام شروع ہوچکا ہے۔ امریکن گرامر اسکول اینڈ کالجز کے منیجنگ ڈائریکٹر رانا محمد افضل کامران نے کہا کہ امریکن گرامر اسکول اینڈ کالجز طالبعلموں کیلئے معیاری تعلیم فراہم کرنے میں کوشاں ہے اور اس ضمن میں رواں سال فیسوں میں نمایاں کمی بھی کر دی گئی ہے۔ ملک میں سیاحت کی ترقی و فروغ کیلئے چوہدری عبدالغفور خان کی کاوشیں قابل ِ تحسین ہیں۔

تقریب میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان، علاقے کے معززین اور طلبا و طالبات کے والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر منیجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے نمایاں کار کردگی پیش کرنے والے اساتذہ اور طلبا و طالبات میں ایوارڈز پیش کیے۔