حکومت زراعت کے شعبہ میں ہر ممکن وسائل بروئے کار لاکر عوام کی خوشحالی کیلئے کام کررہی ہے،اکرام اللہ خان گنڈہ پور

ہفتہ 10 مارچ 2018 20:29

ڈی آئی خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2018ء) صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور نے کہا ہے صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کو صوبہ کے عوام کی خوشحالی کے لیئے ریڑھ کی ہڈی سمجھتی ہے اسی بنیاد پر صوبہ میں زراعت کے شعبہ میں ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لاکر عوام کی خوشحالی یقینی بنانے کیلئے کام کررہی ہے، ڈیرہ اسما عیل خان میں زرعی یو نیورسٹی کے قیام سے صرف اس علاقہ کو ہی نہیں بلکہ پورے صوبہ کو مثالی فائدہ ملے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اعلی سطحی اجلاس کے دوران کیا ،اس موقع پرسیکریٹری زراعت خیبرپختونخواہ اسرار خان، زرعی یو نیورسٹی ڈیرہ اسما عیل خان کے پراجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز احمد خان کے علاوہ ماہرین تعلیم اور محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اکرام اللہ خان گنڈہ پور نے کہا کہ ڈیرہ اسما عیل خان صوبہ خیبرپختونخواہ میں سب سے زیادہ زرعی رقبہ کا حامل علاقہ ہے، ماضی میں حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے یہاں دیگر امور کے ساتھ ساتھ زراعت کی ترقی پر بھی اسی انداز سے توجہ نہیں دی گئی جس کا یہ علاقہ مستحق ہے اور اس میں ایک مجبوری یہ بھی ہے کہ ہمارے مسائل حکومتی وسائل سے کہیں زیادہ ہیں تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے اس ضمن میں ماضی کی محرومیوں کے ازالہ کے لییے مثالی کردار ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ صوبہ میں زراعت اور زرعی تعلیم کے فروغ کے لیئے زرعی یو نیورسٹی کا ڈیرہ اسما عیل خان میں قیام میرے شہید بھائی سردار اسرااراللہ خان گنڈہ پور کے خواب کی تکمیل کی جانب ایک مثالی پیش رفت ہے اس نئی یو نیورسٹی کے قیام کے لیئے صوبائی حکومت نے خطیر رقم بھی فراہم کی ہے، اسمبلی سے اس کا ایکٹ منظور کرلیا گیا ہے اور منصوبہ پر کام کے آغاز کے لیئے متعلقہ محکمہ جات کو ادائیگی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ ڈیرہ اسما عیل خان میں زرعی یو نیورسٹی کے قیام سے یہاں جدید زراعت کومزید فروغ حاصل ہوگا، نئے منصوبہ جات کی راہیں ہموار ہوں گی اور صرف ڈیرہ اسما عیل خان ہی نہیں جنوبی، شمالی وزیرستان، جنوبی اضلاع اور ہم سے ملحقہ پنجاب ا ور صوبہ بلوچستان کے اضلاع کے عوام اور کسان بھی اسی زرعی یو نیورسٹی ڈیرہ سے مستفید ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کسانوں کو مفت شمسی ٹیوب ویل فراہم کئے گئے، خطیر رقم سے پختہ نالے بنائے گئے تاکہ پانی اور توانائی کا ضیاع نہ ہو، اسی طرح دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیئے بھی درجنوں منصوبے تیزی سے شروع ہیں، اس موقع پر سیکریٹر زراعت اسرار خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں محکمہ کے اہلکار عوام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ تعمیراتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی انہوں نے کہا کہ ہم نے مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی ہے جس کی رپورٹس کی روشنی میں کارروائیاں کی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :