تلسی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آبپاشی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت

منگل 30 اپریل 2024 13:11

تلسی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آبپاشی کا خصوصی خیال ..
فیصل ۱ٓباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے تلسی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کیلئے آبپاشی کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کاشتکار فصل کو پہلے 2سے3 پانی ایک ایک ہفتہ کے وقفہ سے دیں اور اگاؤ مکمل ہو جانے کے بعد 15،15 دن کے وقفہ سے پانی لگایاجائے اور آبپاشی کرتے وقت اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ کھیلیاں پانی میں نہ ڈوبنے پائیں کیونکہ اس طرح بیج کااگاؤ متاثر ہو سکتاہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد ڈاکٹر خالد اقبال نے کہا کہ جس طرح آبپاشی کسی بھی فصل کی بہتر پیداوار میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے بالکل اسی طرح فصل سے جڑی بوٹیوں کا خاتمہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار 2سے3 مرتبہ گوڈی کرکے جڑی بوٹیاں اچھی طرح تلف کر دیں اور جب پودے کا سائز 7سے8انچ تک ہوتاہے تو اس کی چھدرائی کرتے ہوئے فالتو پودے بھی نکال دیئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ تلسی ایک کثیر الفوائد ادویاتی پوداہے جو گردے کی پتھری اور اعصاب کی مضبوطی سمیت یادداشت کو تیز اور معدہ کو طاقتور بنانے میں بھی اپنا ثانی نہیں رکھتا۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار مزید رہنمائی کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :