’’جڑی بوٹی مکائو، پیداوار بڑھائو‘‘ مہم کے تحت جاری سرگرمیوں میں فیکلٹی اور طلبہ بھر پور عملی کردار ادا کررہے ہیں ۔ڈاکٹرآصف علی

جمعرات 15 مارچ 2018 23:17

ملتان۔15 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء)سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود کی ہدایت پر صوبہ بھر میںجاری ’’جڑی بوٹی مکائو، پیداوار بڑھائو‘‘مہم کے چوتھے روز کاشتکاروں کوسیمینارزوتربیتی ورکشاپس کے ذریعے آگاہی دی گئی ۔اس سلسلہ میںمحمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔اس سیمینارکی صدار ت کرتے ہوئے وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے کہا کہ ’’جڑی بوٹی مکائو، پیداوار بڑھائو‘‘ مہم کے تحت جاری سرگرمیوں میں فیکلٹی اور طلبہ بھر پور عملی کردار ادا کررہے ہیں ۔

جڑی بوٹیوں کی پہچان، نقصان اور تدارک کے طریقوں کے بارے میں نہ صرف کاشتکاروںبلکہ محکمہ زراعت کے فیلڈ عملہ کی بھی استعدادکار بڑھانے میںکلیدی کردارادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت کا فیلڈ عملہ اور تعلیمی اداروںکی مشترکہ کاوشوں سے یہ مہم کامیابی سے جاری ہے جس سے بہتر نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں جڑی بوٹی مکائو کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پرووائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید ، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ کاٹن زون چوہدری محمد فاروق،ڈائریکٹر زراعت توسیع رانااحمد منیر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں ودیگر نے شرکت کی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسانوں کی خوشحالی،فصلوں کی پیداوار میں اضافہ اورکاشتکاروں کی رہنمائی کے سلسلہ میں محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیموں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت توسیع کا عملہ ،کاشتکار ودیگر شرکاء فیلڈ میں جاکرکاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کی پہچان،نقصان اور تدارک بارے مکمل رہنمائی فراہم کریں تاکہ اس سیمینار کے مثبت نتائج حاصل ہوسکیں۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر پروفیسر ڈاکٹر شفقت سعید نے جڑی بوٹیوں پر پرورش پانیوالے فائدہ مند اور نقصان دہ کیڑوں کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت توسیع رانااحمد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت توسیع کا عملہ اس جاری مہم میں روزانہ کی بنیاد پر انجام دی جانیوالی سرگرمیوں وامور کی مکمل پیروی کررہا ہے جس کیلئے اس مہم کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے اورروزانہ کی سرگرمیوں کی مکمل پراگرس رپورٹس حکام بالا کو باقاعدگی سے ارسال کی جارہی ہیں۔ ایگرانومسٹ محمد اقبال نے کپاس میں جڑی بوٹیوں کے نقصان بارے لیکچر دیا جبکہ اسسٹنٹ پروفیسر ایگرانومی ڈاکٹر عمار مطلوب نے مختلف فصلات،باغات وسبزیات میں جڑی بوٹیوں کے نقصانات اور ان کے تدارک بارے تفصیلاًلیکچر دیا۔