ملتان،غیر روایتی طریقوں سے پھل کی مکھی کے انسداد کیلئے منصوبہ کا آغازکردیاگیا

جمعہ 16 مارچ 2018 21:51

ملتان۔16 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2018ء) محکمہ زراعت ملتان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے غیر روایتی طریقوں سے پھل کی مکھی کے انسداد کیلئے منصوبہ کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت آم، ترشاوہ پھل اور امرود کے باغبانوں کو سبسڈی پر میتھائل یوجینال، پروٹین ہائیڈرولائسیٹ، میلاتھیان اور جنسی پھندے فراہم کیے جائیں گے۔

محکمہ زراعت نے کہا کہ ملتان، رحیم یار خان، مظفرگڑھ، خانیوال اور بہاولپورکے اضلاع میں آم کے باغبان، سرگودھا، منڈی بہائوالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور وہاڑی کے اضلاع میں ترشاوہ پھل جبکہ شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، قصور، فیصل آباد اور اوکاڑہ کے اضلاع میں امرود کے باغبان حکومت پنجاب کے اس منصوبہ سے مستفید ہوسکیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ آم / ترشاوہ پھل/ امرود کے باغات کے 1 تا 12 ایکڑ رقبہ کے مالک /مزارع /ٹھیکیدار 50 فیصد جبکہ 12 ایکڑ سے زائد کے مالک /مزارع / ٹھیکدار 30فیصد سبسڈی پر میتھائل یوجینال، پروٹین ہائیڈرولائسیٹ، میلاتھیان اور جنسی پھندے حاصل کرنے کیلئے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔

ہر خاندان سے صرف ایک فرد درخواست دینے کا اہل ہوگا اور خاندان کی تعریف نادرا ریکارڈ کے مطابق ہوگی۔ درخواست دہندہ کیلئے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی اور باغ کا مالک /مزارع /ٹھیکیدار ہونے کا دستاویزی ثبوت درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے۔ درخواست دہندہ کو اشٹام پیپر پر حلف نامہ دینا ہوگا کہ وہ 15 دن کے وقفہ سے جنسی پھندے میں روئی کے بُڑھہ کو تبدیل کرنے کا پابند ہوگا۔

خواہشمند کاشتکار اپنے باغ میں گلے سڑے اور گرے ہوئے پھل تلف کرنے کا پابند ہوگا۔ درخواست دہندہ اس سے قبل کبھی مرکزی، صوبائی سطح پر اس قسم کی سہولت سے فائدہ نہ اٹھا چکا ہو۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز اوران کے فیملی ممبرز، گریڈ 17اور اوپر کے سرکاری افسران، محکمہ مال، محکمہ زراعت کے تمام ملازمین درخواست دینے کے اہل نہ ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ ضلع کیلئے مختص مقدار/تعداد سے زائد درخواستیں ہونے کی صورت میں ان اشیاء کی فراہمی بذریعہ قرعہ اندازی ہوگی اور قرعہ اندازی متعلقہ ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی درخواست دہندہ کی موجودگی میں ہوگی۔ درخواست فارم متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت (توسیع)، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز زراعت(توسیع) اور زراعت آفیسر(توسیع) کے دفاتر سے مفت حاصل کریں یا محکمہ زراعت (توسیع) کی ویب سائٹ www.ext.agripunjab.gov.pk سے ڈائون لوڈ کیے جاسکتے ہیں۔

درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہوگی۔ مکمل تصدیق شدہ درخواستیں متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) کے دفتر میں دستی یا بذریعہ ڈاک وصول کی جائیں گی۔ نامکمل یا شرائط پر پورا نہ اترنے والی درخواستیں رد کردی جائیں گی۔ درخواستیں وصول کرنے کی آخری تاریخ 22 مارچ 2018ء ہے درخواستوں کی قرعہ اندازی30مارچ کو ہوگی۔

متعلقہ عنوان :