بھنڈی توری کی بوائی سے قبل بیج کو پھپھوندی کش زہر لگایا جائے ،زرعی ماہرین

منگل 27 مارچ 2018 14:01

فیصل آباد۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء)ماہرین زراعت نے کسانوں کو آگاہ کیا ہے کہ بھنڈی توری کی پچھیتی کاشت کی صورت میں فصل پر جڑ اکھیڑا بیماری کے حملے کے شدید خدشات ہوتے ہیں لہٰذا بھنڈی توری کی پچھیتی کاشت سے قبل بیج کو پھپھوندی کش زہرلگا لینا چاہئے۔ انہوںنے بتایا کہ بھنڈی توری موسم گرما کی ایک نقد آور اور مقبول ترین سبزی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ اس کی کاشت کا موزوں ترین وقت مارچ کے آخر اور اپریل کے پہلے ہفتہ تک ہوتا ہے کیونکہ پچھیتی بوائی کی صورت میں فصل پر جڑ اکھیڑاسمیت مختلف بیماریوں کے حملے کا خدشہ رہتا ہے لہٰذا کاشتکاروں کو چاہیے کہ بھنڈی توری کی پچھیتی کاشت سے قبل بیج کو ڈائی تھین یا کوئی دوسرا پھپھوندی کش زہر لگا لیں۔انہوںنے کہاکہ اگر کھیت میں فصل پرپیلا روگ کی بیماری کی علامات ظاہر ہوں توفوری طور پر کانفیڈارکا سپرے بھی کیاجائے ۔