پنجاب کے پانچ ہزار سرکاری سکولوں کا انتظام پیف کے سپرد کرنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

جمعہ 30 مارچ 2018 16:44

پنجاب کے پانچ ہزار سرکاری سکولوں کا انتظام پیف کے سپرد کرنے کا اقدام ..
لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2018ء) لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب کے پانچ ہزار سرکاری سکولوں کا انتظام پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے سپرد کرنے کا اقدام چیلنج کر دیا گیا،یہ درخواست ایڈووکیٹ چوہدری شعیب سلیم کی جانب سے دائر کی گئی ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ قوانین کے تحت کسی سرکاری سکول کو فاؤنڈیشن کے زیر انتظام نہیں چلایا جا سکتا،قانون کے مطابق صرف پرائیویٹ سکولوں کو فاؤنڈیشن کے زیر انتظام لایا جا سکتا ہے،درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب نے فائونڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے غیر قانونی اقدامات کی دو ماہ گزرنے کے بعدمنظوری دی ،درخواست میں کہا گیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے بجائے خود ساختہ فائونڈیشن کے سپرد کیا جانا ماورائے آئین اقدام ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے عدالت پانچ ہزار سکولوں کو پیف کے سپرد کرنے کے اقدام کوکالعدم قرار دے۔