قومی کر کٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ سے قبل کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائیگا

رواں ماہ9اور10اپریل کو لاہور میں فٹنس ٹیسٹ ہونگے، کیمپ میںسینٹرل کنٹریکٹ کیساتھ بعض دیگر پلیئرز کو بھی بلایا جائیگا

بدھ 4 اپریل 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 اپریل2018ء) قومی کر کٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ سے قبل آئندہ ہفتے کھلاڑیوں کا فٹنس ٹیسٹ لیا جائے گا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ کے آخر میں برطانیہ کے دورے پر جانا ہے،جہاں کینٹ کاونٹی سے چار روزہ میچ کے بعد گرین کیپس11سی15مئی تک آئرلینڈ سے واحد ٹیسٹ کھیلیں گے،ڈبلن کے قریب مالاہائیڈ میں آئرش ٹیم اپنا اولین پانچ روزہ میچ کھیلنے کیلئے بے تاب ہے،اس کے بعد انگلینڈ سے 2ٹیسٹ اور پھر اسکاٹ لینڈ کیخلاف 2 ٹوئنٹی 20 میچز ہونا ہیں۔

اہم دورے سے قبل پی سی بی نے تمام کھلاڑیوں کی فٹنس جانچنے کا فیصلہ کیا ہے،9اور10اپریل کو لاہور میں فٹنس ٹیسٹ ہونگے، جس میں تمام سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے ساتھ بعض دیگر پلیئرز کو بھی بلایا جائیگا، کئی برس سے نظرانداز فواد عالم کو بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

11سی23اپریل تک ٹیسٹ اسکواڈ کا تربیتی کیمپ لگے گا، اس کیلئے فٹنس ٹیسٹ کے بعد پلیئرز کا انتخاب ہوگا، کیمپ کے بعد حتمی ٹیسٹ اسکواڈ منتخب ہوگا،انگلینڈ سے ٹیسٹ میچز کے بعد اسکاٹ لینڈ سے ٹی ٹوئنٹی میچزکیلئے مزید3سی4پلیئرز کو بھیجا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان کوگذشتہ برس اکتوبر میں سری لنکا کیخلاف آخری سیریز میں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس طرز میں کارکردگی شایان شان نہ ہونے کے سبب سلیکٹرز کو بہترین اسکواڈ تشکیل دینے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

متعلقہ عنوان :