فٹ بال ورلڈ کپ 14جون سے روس میں شروع ہوگا، جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی

میگا ایونٹ کے میچز سپروائز کرنے کیلئی36ریفری اور63اسسٹنٹ ریفریز آفیشلز ہونگے، کوئی برطانوی ریفری جگہ نہ بنا سکا

جمعہ 6 اپریل 2018 15:45

زیورخ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 اپریل2018ء) فٹ بال کی عالمی تنظیم(فیفا)کے زیراہتمام رواں برس شیڈول ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ 14 جون سے روس میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ 15 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا جس کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں، اس سلسلے میں فیفا نے ٹورنامنٹ آفیشلز کا اعلان پہلے ہی کر رکھا ہے، کسی برطانوی ریفری کو منتخب نہیں کیا گیا، یہ1938 کے بعد پہلا موقع ہے کہ میگا ٹورنامنٹ کیلئے برطانوی ریفری کا چنائو نہ کیا گیا ہو۔

ورلڈ کپ 14 جون سے 15 جولائی تک روس میں کھیلا جائے گا جس میں عالمی چیمپئن جرمنی کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ فٹ بال کی ورلڈ گورننگ باڈی نے جون میں شیڈول ورلڈ کپ کیلئے 36 ریفری اور 63 اسسٹنٹ ریفریز کا اعلان کر دیا گیا ہے تاہم انگلینڈ، سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ سے کسی ریفری کا انتخاب نہیں کیا گیا، وڈیو اسسٹنٹ ریفریز کا چنائو ٹورنامنٹ میں پول آف آفیشلز سے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ وڈیو اسسٹنٹ ریفری پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں خدمات سر انجام دے گا۔ یہ 80 برس بعد پہلا موقع ہے کہ کوئی برطانوی ریفری ایونٹ کا حصہ نہیں ہو گا۔ 1938 میں منعقدہ ایونٹ کے بعد دوسری جنگ عظیم کی وجہ سے 12 سال ورلڈ کپ منعقد نہیں ہو سکا تھا تاہم 1950 سے 2014 تک منعقدہ ہر ایونٹ میں کم از کم ایک برطانوی ریفری شامل رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :