ڈی سی کی جانب سے ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن

اتوار 15 اپریل 2018 23:00

لالہ موسیٰ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اپریل2018ء)ڈپٹی کمشنر محمد علی رندھاوا نے ضلع بھر میں عطائی ڈاکٹرز کے خلاف کریک ڈائون کیلئے احکامات جاری کر دیے ہیں، انہوںنے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، سی ای او ہیلتھ، ڈی ایچ اوز، ڈی ڈی ایچ اوز، ڈرگ انسپکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ عطائیت کے خاتمہ کیلئے حکومت پنجاب محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اگر کسی علاقہ میں عطائی ڈاکٹرز بڑا سیٹ اپ بشمول آپریشنز، ڈینٹل پروسیجر جیسے کام کر رہے ہیں تو ایسے عناصر کے خلاف پہلے مرحلے میں ایکشن لیا جائے نیز اگر محکمہ صحت کا کوئی ملازم دفتری اوقات کے بعد عطائیت میں ملوث ہے تو ایسے عناصر کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے۔ انہوںنے واضع کیا کہ ضلع گجرات میں اس سے قبل بھی محکمہ صحت اور ڈرگ انسپکٹرز کو متحرک کیا جاچکا ہے تاہم کارکردگی کو مزید بہتر بناتے ہوئے بلا تفریق کاروائی یقینی بنائیں اور کسی کا دبائو قبول نہ کیا جائے۔