Live Updates

تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے جس کا مقابلہ روایتی سیاستدانوں کے بس کی بات نہیں،پرویزخٹک

غریب کے بچوں کے لیے سرکاری سکولوں میں اربوں روپے سے سہولیات مہیا کیں اور انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم متعارف کرایا،وزیراعلی

پیر 16 اپریل 2018 21:13

تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے جس کا مقابلہ روایتی سیاستدانوں کے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2018ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نوجوانوں کی جماعت ہے جس کا مقابلہ روایتی سیاستدانوں کے بس کی بات نہیں ۔ ہم نے تباہ حال صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا ہے جہاں تعلیم اور صحت کی بنیا دی سہولیات شہریوں کو گھر کی دہلیز پر میسر ہیں اور جس کی پولیس عوام کی جان ومال کی محافظ ہے اور تھانوں میں عوام کو عزت دے رہی ہے ۔

2018 کے انتخابات روایتی سیاسی جماعتوں کی شکست اور پی ٹی آئی کی جیت کی نوید لے کر آئیں گے اور عمران خان ملک کے وزیر اعظم بن کر تبدیلی کے نقیب بن کر اُبھریں گے ۔وہ مردان کے علاقے ہاتھیان میں ایک بہت بڑے جلسے سے خطاب کررہے تھے جلسے سے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، صوبائی وزراء محمد عاطف خان ، شاہ فرمان، شاہرام خان ترکئی ، ایم این ایز علی محمد خان ، مراد سعید، سینیٹر فیصل جاوید، ایم پی ایز افتخار مشوانی، طفیل انجم اور پارٹی میں شامل ہونے والے علاقے کی ممتاز شخصیت امیر سرفراز خان نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اسلام کے نام پر حکومت میں آنے والوں نے اسلام کی کو ئی خدمت نہیں کی بلکہ ذاتی مفادات حاصل کیے ۔اسلام کی خدمت اللہ نے ہم سے لی کیونکہ ہماری حکومت نے ختم نبوت ﷺ کو نصاب کا حصہ بنانے کے ساتھ ساتھ قرآن کی تعلیم لازمی قرار دی اور مساجد کے آئمہ کرام کے لیے ماہانہ وظیفے کا اجراء کیا جس سے اسلام کے نام نہاد ٹھیکداروں کے پیٹ میں مروڑ اُٹھا ہے ۔

ہم نے غریب کے بچوں کے لیے سرکاری سکولوں میں اربوں روپے سے سہولیات مہیا کیں اور انگلش میڈیم ذریعہ تعلیم متعارف کرایا اور اس نظام کے تحت پڑھنے والے غریب کے بچے آگے جاکر مقابلے کے امتحانوں میں امیروں کے بچوں کا مقابلہ کرنے کے قابل ہوجائیں گے ۔پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نے دیوانی مقدمات کا فیصلہ ایک سال کے اندر کرنے کا قانون نافذکیا ہے جس سے عوام کو ایک ایک کیس کے لیے سالہاسال عدالتوں کے چکر لگانے سے نجات مل گئی ہے جبکہ اور اب ان کو جلد اور فوری انصاف ملنے کی راہ ہموار کردی گئی ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ پولیس کانظام سیا سی مداخلت سے پاک کردیا گیا ہے اور اب کو ئی پولیس کو سیاسی انتقام اور ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا ۔وزیر اعلیٰ نے اتنا بڑا جلسہ کرنے پر مردان کے عوام اور پی ٹی آئی کے نوجوانوں کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ نوجوان ہمارا سرمایہ ہیںجن کا مقابلہ دنیا کی کوئی طاقت نہیں کرسکتی یہی نوجوان اپنے بزرگوں کو بھی پی ٹی آئی میں لے آئے ہیں ۔اُنہوں نے حاجی سرفراز خان ، امیر سرفراز خان اور ان کے خاندان اور ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات