نیب لاہور نے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں مبینہ مالی بدعنوانی پر4ملزمان کو گرفتار کرلیا

منگل اپریل 21:15

نیب لاہور نے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں مبینہ مالی بدعنوانی پر4ملزمان ..
لاہور۔17 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل2018ء) نیب لاہورنے صاف پانی کمپنی کرپشن کیس میں مبینہ مالی بدعنوانی پر4ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق صاف پانی کمپنی کیس میں مالی غبن کے حوالے سے اہم شواہد موصول ہونے پر گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے،گرفتار ملزمان میں ناصر قادر بھدل, ڈاکٹر ظہیر الدین, محمد سلیم اور محمد مسعود اختر شامل ہیں۔

ترجمان نیب کے مطابق کروڑوں روپے کے فراڈ میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان میں ناصر قادر بھدل صاف پانی کمپنی میں بطور چیف پروکیورمنٹ آفیسر تعینات رہا، ملزم ڈاکٹر ظہیر الدین چیف ٹیکنیکل آفیسر صاف پانی کمپنی تعینات رہے،ایسوسی ایٹڈ کنسلٹنٹ انجینئر ملزم محمد سلیم اختر صاف پانی کمپنی کیساتھ پروکیورمنٹ و کنٹریکٹ سپیشلسٹ منسلک رہے جبکہ ملزم محمد مسعود اختر مینیجنگ ڈائریکٹر کے ایس بی پمپس صاف پانی کمپنی میں بطور کنٹریکٹر منسلک رہا۔

(جاری ہے)

نیب ترجما ن کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کی آپس کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایاگیا، ملزمان نے بھاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں116 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جبکہ ملزمان کیجانب سے پلانٹس کی تنصیب کے حوالے سے کاغذات میں قیمتوں کا غلط تعین و اندراج کیا گیا اورحکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری اہم شواہد کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی جبکہ تمام ملزمان کو الزامات کے دفاع کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔ ترجمان نیب کے مطابق چاروں گرفتار ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے (آج) احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائیگا۔