مارچ کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 22.24 فیصد اضافہ، پی آر آئی

بدھ 18 اپریل 2018 09:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) مارچ 2018ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 22.24 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ رواں مالی سال 2017-18ء کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر میں 3.56 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ایمی ٹینس انلیشیٹو (پی آر آئی) کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا مارچ کے دوران ترسیلات زر کا حجم 14 ارب 60 کروڑ 64لاکھ 10 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے 14 ارب 10کروڑ 50 لاکھ 30 ہزار ڈالر بھجوائے گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق فروری 2018ء کے دوران پاکستان کو ایک ارب 45کروڑ ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں جبکہ مارچ کے دوران ترسیلات زر میں 22 فیصد سے زائد کے اضافہ سے ترسیلات زر کا حجم ایک ارب 77 کروڑ 27 لاکھ 70 ہزار ڈالر تک بڑھ گیا۔ اسی طرح مارچ 2018ء کے دوران مارچ 2017ء کے مقابلہ میں سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر میں 4.62فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔