مکی آرتھر نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم کیساتھ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں کئی نئے تجربات کرنے کا ارادہ کرلیا

آئرلینڈ اور انگلینڈ میں بابر اعظم کو چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کی تجویز ،ْفخر زمان کو پانچویں یا چھٹے نمبر پر آزمایا جائیگا ،ْذرائع

بدھ 18 اپریل 2018 13:02

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستانی ٹیم کے ساتھ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ میں کئی نئے تجربات کرنے کا ارادہ کرلیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے بابر اعظم پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں تیسرے نمبر پر اور ٹی ٹوئنٹی میں اوپننگ کرتے ہیں تاہم آئرلینڈ اور انگلینڈ میں انہیں چوتھے یا پانچویں نمبر پر کھلانے کی تجویز ہے۔

سب سے اہم اور مشکل ترین پوزیشن ون ڈاؤن پر لیفٹ ہینڈ بیٹسمین حارث سہیل کھیلیں گے۔ حیران کن طور پر جارح مزاج اوپنر فخر زمان کو بھی مڈل آرڈر میں پانچویں یا چھٹے نمبر پر آزمایا جائے گا اور انہیں ذمے داری دی جائے گی کہ وہ اٹیک کریں۔

(جاری ہے)

پاکستان کرکٹ ٹیم انتظامیہ نے لاہور میں تربیتی کیمپ کے دوران جو حکمت عملی بنائی ہے اس کے مطابق انگلینڈ میں ابتدائی دومیچوں میں بیٹنگ کے مختلف کمبی نیشن چیک کیے جائیں گے۔

نارتھمپٹن شائر کے خلاف دوسرے سائیڈ میچ میں تقریباً وہی ٹیم کھیلے گی جو ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف واحد اور تاریخی ٹیسٹ میں شرکت کرے گی۔ذرائع کے مطابق اظہر علی یقینی طور پر اننگز کا آغاز کریں گے ،ْاوپننگ کی دوسری پوزیشن کے لیے سمیع اسلم اور امام الحق کے درمیان مقابلہ ہے۔ حارث سہیل چھٹے نمبر سے ون ڈاؤن پر آئیں گے۔ چوتھے پر بابر اعظم اور پانچویں پر تجربہ کار اسد شفیق آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق فخر زمان کو ٹیم میں شامل کیے جانے کی ایک وجہ تو ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کی حالیہ فارم دکھائی دیتی ہے اور دوسری وجہ ان کا جارحانہ انداز بھی ہو سکتی ہے تاہم ٹیسٹ میں پانچویں نمبر پر کھلانے کا تجربہ بھی یقینی طور پر منفرد ہوگا۔ذرائع کے مطابق دو سائیڈ میچوں کے بعد پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے حتمی 11 کھلاڑیوں کا خاکہ تیار ہوگا۔