حکومت ملک میںکھیلوں کی ترقی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے، منصور احمد

بدھ 18 اپریل 2018 15:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل منصور احمد نے کہا ہے کہ حکومت ملک میںکھیلوں کی ترقی کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے حمید ہال میں پاکستان ٹیبل ٹینس سپر لیگ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر خواجہ حسن ودود، سیکرٹری جنرل کفایت اللہ خان، آرگنائزنگ سیکرٹری شاہد بلوچ، چیئرمین سلیکشن کمیٹی ندیم منصور کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی ہمارا قومی سرمایہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں کھیلوں کے میدان آباد ہونگے تاکہ نوجوان نسل کو مختلف معاشرتی برائیوں سے بچایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں ایشین گیمز اور انٹرنیشنل مقابلوں کی تیاری کے سلسلہ میں مختلف ٹیموں کے کھلاڑیوں کے تربیتی کیمپ جاری ہیں جن میں اتھلیٹکس، والی بال، آرچری، تائیکوانڈو اور کبڈی شامل ہیں ان کھلاڑیوں کو کوچز جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے کھلاڑیوں کیلئے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے ہر وقت دروازے کھولے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد کمانڈر نے پہلی اور کراچی کرارے نے دوسری پوزیشن حاصل کی، لیگ میں ملک بھر سے آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا جن میں اسلام آباد کمانڈر، کراچی کرارے، راول جگنی، ملتان صوفیاں، پشاور دلاور، کوئٹہ ڈیفنڈرز، لاہور استاد اور فیصل آباد شیر دل شامل ہیں۔