سندھ گیمزمیسکوٹ ریلی کا گلشن حدید اور ملیر پریس کلب میں شاندار استقبال

بدھ 18 اپریل 2018 16:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2018ء) 17ویں سندھ گیمز2018 میسکوٹ ریلی کل رات جب ملیر‘قائد آباد سے ہوتی ہوئی ملیر پریس کلب پہنچی تو ملیر پریس کلب کے صدر مرتضیٰ چانڈیو‘سیکریٹری حسن تگڑ سمیت دیگر عہدیداران و اراکین نے میسکوٹ ریلی کا شاندار استقبال کیا اور آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا۔ قبل ازیں ریلی نے اللہ والا چوک گلشن حدید پر رک کر وہاں کے رہائشیوں کو سندھ گیمز دیکھنے کی دعوت دی۔

ملیر پریس کلب کے عہدیداران و اراکین سے خطاب کرتے ہوئے ریلی انچارج حاجی غلام محمد نے کہا کہ وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر اور سیکریٹری اسپورٹس ڈاکٹر نیاز علی عباسی کی خصوصی دلچسپی کے سبب ان گیمز کا انعقاد ممکن ہو سکا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری آپ سے درخواست ہے کہ اندرون سندھ سے آنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی کوریج دیں یہ آپ میڈیا والوں کا نہ صرف کھلاڑیوں پر بلکہ صوبائی وزیر کھیل‘ سیکریٹری اسپورٹس اور ہم سب پر بڑا احسان ہوگا‘ سندھ اولمپک کے سینئر نائب صدر انجینئر محفوظ الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ گیمز میں تاجروں کی شمولیت احسن اقدام ہے خصوصی طور پر ایاز موتی والا جس طرح سندھ گیمز کی کامیابی کے لئے محنت کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے انہوں نے کہا کہ یہاں اگر سابق صوبائی وزیر کھیل مرحوم ڈاکٹر محمد علی شاہ کا ذکر نہ کروں تو یہ سراسر زیادتی ہوگی انہوں نے اپنے پانچ سالہ دور میں پانچ سندھ گیمز کا انعقاد کرکے ایک منفرد ریکارڈ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

تاجروں کے نمائندے اور مارکیٹنگ کمیٹی کے سینئر نائب صدر ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ کھیلوں کے حوالے سے میری خدمات ہمیشہ محکمہ کھیل کے لئے حاضر ہیں محکمہ کھیل کو جب بھی میری ضرورت محسوس ہو میں ہر قدم پر ان کے ساتھ ہوں۔ ایاز موتی والا نے پریس کلب کے عہدیداران کو اپنی جانب سے گولڈ کے تحائف پیش کئے۔صدر ملیر پریس کلب مرتضیٰ چانڈیو اور یوسی ناظم گلشن حدید نے یقین دلایا کہ ہماری نیک خواہشات اور خدمات محکمہ کھیل کے ساتھ ہیں اور ہم پوری کوشش کریں گے کہ سندھ گیمز میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں بعد ازاں غلام یاسین نے ملیر پریس کے عہدیداران کا ریلی کو پذیرائی پر شکریہ ادا کیا اورمارکیٹنگ کمیٹی کی جانب سے انہیں روائتی سندھی اجرک کا تحفہ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :