ساہیوال،وزیر اعلی سکیم کے تحت طلبہ کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے شیڈول کا اعلان

جمعرات 19 اپریل 2018 16:10

چیچہ وطنی۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ساہیوال بورڈ کے زیر اہتمام وزیر اعلی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت دسمبر میں لیپ ٹاپ نہ لے سکنے والے طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ضلع پاکپتن کے طلبا و طالبات کو 27اپریل جمعہ ، ضلع اوکاڑہ 28 اپریل ہفتہ اور ضلع ساہیوال کے طلبا وطالبات کو 29 اپریل اتوار لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے ، یہ بات کنٹرولر امتحانات ساہیوال بورڈ قاضی عبدالناصر نے ایک پریس ریلیز میں بتائی ، انہو ں نے کہا کہ ان تینوں دنوں میں طلبا وطالبات اپنے اپنے لیپ ٹاپ لینے کیلئے صبح 9 بجے ڈویژنل پبلک سکول میں شناختی کارڈ یا ب فارم ، میٹرک یا انٹرمیڈیٹ کی سند اور موجودہ تعلیمی ادارے کے سر ٹیفکیٹ کی تصدیق شدہ نقول اور اصل کے ہمراہ رپورٹ کریں ، واضح رہے کہ وزیر اعلی لیپ ٹاپ سکیم کے تحت دسمبر میں ساہیوال ڈویژن کے 5ہزار 4سو سے زائد ذہین طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے تاہم 433 طلبا وطالبات کو مختلف وجوہات کی بنا پر لیپ ٹاپ نہیں دیئے جا سکے تھے جن کے معاملات کو حل کرنے کے بعد کمشنر ساہیوال ڈویژن علی بہادر قاضی نے خصوصی ٹیم قائم کی جنہو ں نے مکمل سکروٹنی کے بعد ان طلبا و طالبات کے کیسز کو کلیئر کر دیا تھا ، اب محکمہ ہائر ایجوکیشن کی منظوری کے بعد ان طلبا وطالبات میں بھی لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :