محکمہ اینٹی کرپشن کی کاروائی، سرکاری خزانہ کو نقصان پہنچانے پر اے سی دریا خان گرفتار

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:04

سرگودھا۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) اینٹی کرپشن سرگودہا نے اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ساجد صفدر کو سرکاری خزانے کو ایک کروڑ 41لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کے جرم میں گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق سال 2015ء میں آدم جی شوگر ملزکو فیکٹو گروپ کو فروخت کیا گیا موجودہ اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ساجد صفدر اُس وقت سب رجسٹرار دریا خان تعینات تھے جنہوں نے انتقالات کے دوران شوگرملزکی ویلیو کو کم ظاہر کیا اور انتقالات کی فیسوں کی مدمیں سرکاری خزانہ کو ایک کروڑ 41لاکھ کا نقصان پہنچایا ، جس پر اینٹی کرپشن سرگودہا میں انکوریئری کے بعد ساجد صفدرکے خلاف مقدمہ نمبری 7/2018سرگودہا ریجن بجرم 409,471,466ت پ کے تحت درج کیا گیا ۔

ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرگودہا عاصم رضا نے مقدمہ کی تفتیش کے لیے چار رکنی تفتیشی ٹیم تشکیل دی جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر (تفتیش) عروج الحسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر( لیگل)گل محمد راں ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (تفتیش) محمدخرم انواراور سرکل آفیسر ہیڈ کوارٹر عصمت اللہ بندیال شامل تھے ۔

(جاری ہے)

دورانِ تفتیش یہ ثابت ہوگیا کہ موجودہ اسسٹنٹ کمشنر دریا خان ساجد صفدرنے 2015ء میں بطورِ سب رجسٹرار دریا خان کام کرتے ہوئے فیکٹو شوگرملز کودورانِ انتقال ایک کروڑ 41لاکھ کافائدہ پہنچایا ۔

دورانِ تفتیش یہ بات بھی سامنے آئی کہ ساجد صفدرنے فیکٹو گروپ کو فائدہ پہنچانے کے لیے جعلی فردات کا بھی استعمال کیا جس کے بعد مورخہ 19اپریل 2018ء بروز جمعرات اینٹی کرپشن سرگودہا کی ٹیم نے چھاپہ مارکر اسسٹنٹ کمشنر ساجد صفدر کو تحصیل دریا خان سے گرفتار کرلیا ، مقدمہ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :