اسلام آباد ہائیکورٹ خواجہ آصف نا اہلی کیس کا فیصلہ (کل)سنائے گی

بدھ 25 اپریل 2018 18:35

اسلام آباد ہائیکورٹ خواجہ آصف نا اہلی کیس کا فیصلہ (کل)سنائے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائیکورٹ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی نااہلی سے متعلق پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ (کل) سنائیگی۔تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے اقامہ کی بنیاد پر وزیر خارجہ خواجہ آصف کی نااہلی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے دلائل مکمل ہونے اور دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

(جاری ہے)

عدالت نے حکم دیا تھا کہ اگر اس کیس میں کچھ تحریری چیزیں جمع کرانا ہے تو کرادیں۔اس پر خواجہ محمد آصف کے وکیل نے کمپنی کا خط جمع کرایا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے مؤکل جس کمپنی کے لیگل ایڈوائزر ہیں اس کا نمائندہ عدالت میں پیش ہوکر بیان دینے کیلئے تیار ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف کمپنی کے فل ٹائم نہیں بلکہ پارٹ ٹائم ملازم ہیں۔عدالت نے تمام دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد انہیں محفوظ کرلیا تھا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی بینچ کے سربراہ جسٹس اطہر من اللہ کیس کا فیصلہ (آج) سنائینگے جس کیلئے تمام فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے گئے ہیں۔