ملک کو تمباکو نوشی سے پاک کرنے کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں جاری ہیں،اے ڈی سی جی

بدھ 25 اپریل 2018 22:22

راولپنڈی25اپر یل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( جنرل )سارہ حیات نے کہا ہے کہ تمباکو نوشی صحت کے لئے انتہائی مضر ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمباکو نوشی انسان کی سوچ و فکر پر منفی اثرات مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ جسم کے تمام اعضاء کی کارکردگی کو بھی بری طرح مثاتر کرتی ہے ۔کثرت سے تمباکو نوشی کرنے کے باعث دیگر منشیات کے استعمال کے رجحان کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جن سے چھٹکارا حاصل کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔

ملک کو تمباکو نوشی سے پاک کرنے کیلئے حکومتی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی اور کیپٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ کیبنٹ سیکریٹیریٹ کے باہمی اشتراک سے تمباکو نوشی کو کنٹرول کرنے کے لئے منعقدہ ٹریننگ ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سی ای او ہیلتھ راولپنڈی ڈاکٹر سہیل چوہدری ، پراجیکٹ منیجر محمد آفتاب احمد، ڈپٹی ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر منہاج سراج ،ڈائریکٹر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ سینٹر راولپنڈی ڈاکٹر عبد الجبار کے علاوہ ٹرینرز کی کافی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔

ٹریننگ ورکشاپ میںراولپنڈی کے مختلف محکموں کے نمائندہ افراد کو تمباکو نوشی کی روک تھام کے لئے مروجہ قوانین اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے تربیت دی گئی تاکہ وہ تربیت کے بعد اپنے متعلقہ محکموں کے دیگر افراد کو بھی منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے کی جانے والی کوششوں کی اہمیت سے آگاہ کرنے اور راولپنڈی شہر کو تمباکو فری بنانے کے عمل کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے میں اپنا بھرپوراہم کردار ادا کرسکیں - ورکشاپ کے دوران شہر کو تمباکو نوشی سے پاک کرنے سے متعلق مفید معلومات سے آگاہ کیاگیا۔اس موقع پر ٹریننگ میں حصہ لینے والے ٹرینرز کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :