کیمیکل نگران ادارے کے ماہرین کی دوما میں دوبارہ آمد،مبینہ گیس حملوں کے شواہد جمع کرنے کا سلسلہ شروع

جمعرات 26 اپریل 2018 19:17

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) بین الاقوامی کیمیکل نگران ادارے کے ماہرین کی دوما میں دوبارہ آمد ہوئی ہے، مبینہ گیس حملوں کے شواہد جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی سطح پر کیمیکل ہتھیاروں کی پابندی کی نگرانی کرنے والے بین الاقوامی ادارے او پی سی ڈبلیو کے ماہرین نے گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر شامی قصبے دوما کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ ماہرین رواں مہینے کے اوائل میں دوما پر مبینہ طور پر کیے گئے حملوں کے بعد گئے تھے اور اب ایک مرتبہ پھر وہاں گئے ہیں تاکہ گیس حملوں کی تفتیش کی جاسکے۔ اس ادارے کے ماہرین دوما پہنچ کر مختلف مقامات سے مبینہ گیس حملوں کے شواہد جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ شامی معاملات پر نگاہ رکھنے والے مبصرین کے مطابق دوما پر کیمیکل حملہ مبینہ طور پر شامی صدر بشار الاسد کی حکومت نے کیا تھا۔ اس حملے کے جواب میں امریکہ، فرانس اور برطانیہ نے شام کے مختلف مقامات پر گزشتہ ویک اینڈ پر میزائل اور فضائی حملے کیے تھے۔