سیالکوٹ کی ترقی کا راز اپنی مدد آپ کا جذبہ ہے ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ

ہفتہ 28 اپریل 2018 23:40

سیالکوٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل۱نسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ پشاو ر عبدالستار نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر میںسیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے گوجرانوالہ ڈویژن میں سماجی و معاشی بہتری لانے میں جو کلیدی کردار ادا کیا ہے اسے پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے سیال سیکرٹریٹ میں اپنے ادارے میں زیر تربیت انتظامی افسران کے وفدکے قائد کی حیثیت سے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

چیئرمین سیال انجینئرخاور انور خواجہ نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسرمیجر جنرل(ر) میر حیدر علی خان بھی بطور خاص موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالستار نے مزید کہا کہ سیالکوٹ کی ترقی کا راز اپنی مدد آپ کا جذبہ ہے جو اس شہر کے باسیوں کو باقی علاقوں سے امتیاز دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

حکومت سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے شروع کئے گئے منصوبوں میں اپنی معاونت جاری رکھے تو یہاں ترقی کا پہیہ مزید تیز ہو سکتا ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی سیالکوٹ کا دورہ کرنے والے افسران ہمیشہ سیالکوٹ کی خدمات کو پیش نظر رکھیں گے اور جب بھی موقع ملا اس کے مسائل حل کرانے میں ذاتی دلچسپی کا مظاہرہ کریںگے۔ انہوں نے سیالکوٹ انٹر نیشنل ائرپورٹ کی انتظامیہ اور ڈائریکٹران میں سے بطور ماہر اپنے ادارے میں بلانے کی پیش کش بھی کی اور کہا کہ انہیں سیالکوٹ میں عزم و ہمت کی روشن مثالیں قائم کرنے والی شخصیات سے کامیابیوں کی تفصیل تربیت حاصل کرنے والے افسران تک پہنچا کر دلی خوشی ہو گی۔

قبل ازیں چیئرمین سیال انجنیئرخاور انور خواجہ نے اور وفدکو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی نہ صرف اپنے کاروبار کی ترقی کے لئے کام کرتی ہے بلکہ عام عوام کی خدمت کے لئے ہر وقت کوشاں رہتی ہے۔ سیالکوٹ میں حکومت کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت شروع اور مکمل کئے جانے والے منصوبے اس ضمن میںملکی اور بین الاقوامی سطح پر روشن مثالیں ہیں۔

چیئرمین سیال نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائرپورٹ کی تعمیر اور کامیابی سے چلانے میں حکومتی اداروں کے تعاون اور سرکاری افسران کی دلچسپی کا بطور خاص ذکر کیا اور تعاون و سرپرستی کا یہ سلسلہ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرمیجر جنرل (ر) میر حیدر علی خان نے اپنے خطاب میں کہاسکہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ اپنے مسافروں کومعیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیے جس جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہا ہے ۔

اس کے انتہائی حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں ۔ اللہ کے فضل سے یہاں مسافروں اور کارگو سامان کی ترسیل میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین اور سی ای او سیال نے ایڈیشنل ڈائریکٹر عبدالستار کو کمپنی شیلڈ اور تخائف پیش کئے جبکہ ایڈ شنل ڈائریکٹر اکبر علی خان نے بھی چیئرمین سیال کو اپنے ادارے کی یادگاری شیلڈ پیش کی اور ائرپورٹ کا دورہ کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :