یہ نظریہ کہ دل کی بیماری امیروں اور بزرگوں کی بیماری ہے غلط ثابت ہوچکا ہے ، ڈاکٹر راجہ مہدی حسن خان

اتوار 29 اپریل 2018 16:50

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) معروف کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر راجہ مہدی حسن خان نے اتوار کے روز بتایا کہ اب یہ نظریہ کہ دل کی بیماری امیروں اور بزرگوں کی بیماری ہے غلط ثابت ہوچکا ہے اب یہ غریبوں اور جوانوں کی بیماری بنتی جا رہی ہے۔ سادہ زندگی ، چالیس منٹ کی روزانہ واک اور ورزش، اور سگریٹ نوشی سے پرہیز کے علاوہ لائف سٹائل سادہ بنا کر دل کی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔

وہ ہائیڈ پارک چکوال پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب پذیرائی میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ تنظیم وائس کی چیئرمین سمیرا حنا مہدی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ چیئرمین چکوال پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود نے اپنے ابتدائی کلمات میں ڈاکٹر راجہ مہدی حسن خان کی چکوال میں دس سالہ تعیناتی کے دوران دل کی بیماریوں کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور بتایا کہ اس وقت 2002میں جب دل کی بیماریوں کے حوالے سے کوئی شعور اور آگاہی ضلع چکوال میں موجود نہیں تھی تو اس وقت دل کی بیماریوں کے حوالے سے سیمینار، واک کا انعقاد اور کئی دوسرے پروگرام کرا کر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال میں کارڈیالوجی وارڈ کی بنیاد رکھی اور چکوال گروپ آف اندسٹری کے خواجہ محمد تنویر برادران نے اس وقت12لاکھ روپے کی رقم سے کارڈیالوجی سنٹر کے قیام کی تمام مشینری فراہم کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر راجہ مہدی حسن نے مزید کہا کہ دل کی بیماری کا بہت مہنگا علاج ہے جو عام آدمی کے بس سے باہر ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک لاکھ لوگ سالانہ دل کی بیماریوں سے جاں بحق ہورہے ہیں اور جبکہ یہ ایک ایسی بیماری ہے کہ اگر اس پر نظر نہ رکھی جائے تو اچانک چلتے پھرتے شخص کی ہلاکت ہوجاتی ہے۔ ڈاکٹر راجہ مہدی حسن نے مزید بتایا کہ دل کا دورہ پڑنے والے شخص کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر لمبی سانسیں لیں اور مصنوعی کھانسی کی کوشش کرے اور اس عرصے میں وہ ہسپتال پہنچ جائے۔

مسز سمیرا حنا مہدی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اہل چکوال نے ہمیشہ ڈاکٹر راجہ مہدی کو بڑی محبت دی ہے۔ تقریب سے فتح نور میر اور محمد خان عاقل نے بھی خطاب کیا جبکہ چیئرمین چکوال الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن امیر عباس منہاس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آخر میں ڈاکٹر راجہ مہدی حسن اور سمیرا حنا مہدی کو گولڈ میڈل پہنائے گئے جبکہ ڈاکٹر راجہ مہدی حسن اور سمیرا حنا مہدی کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملنے پر اظہار یکجہتی کیک بھی کاٹا گیا۔

متعلقہ عنوان :