ڈپٹی کمشنر لاہور کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی و بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اجلاس، شب برات پر پٹاخے چلانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

پیر 30 اپریل 2018 17:34

لاہور۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈی سی آفس نادر ہال میں منعقد ہوا،اجلاس میں آغاشاہ حسین، محمد عثمان نوری،شکیل کھوکھر ایم پی اے، سید محمد علی، بشیر احمد یوسفی،علامہ عثمان فاروقی،محمد علی نقشبندی، عبدالمصطفی،ہندو اور عیسائی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی، اس موقع پرشب برات اور رمضان المبارک میں امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور شب برات پر پٹاخے چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس پٹاخے چلانے اور بنانے والوں کیخلاف کارروائی کرے گی،ڈی سی نے والدین اور علماء کرام کو ہدایت کی کہ وہ اپنے بچوں کو پٹاخے نہ چلانے کی تلقین کریں،انہوں نے کہا کہ موچی گیٹ اور اردگرد کے بازاروں میں پٹاخے فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائیگا،انہوں نے شب برات کے موقع پر واسا مساجد کو پانی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی،انہوں نے کہا کہ داتا دربار اور دیگر مساجد کے اردگرد تجاوزات کے خاتمہ کو بھی یقینی بنایا جائے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں گانے بجانے والوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی جبکہ افطاری کے عوامی اجتماعات پر سکیورٹی فراہم کی جائیگی،ڈی سی سمیر احمد سید نے کہا کہ رمضان المبارک میں کھلے ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی،اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔