ہانگ کانگ کے اداکار جیکی چن کی مبینہ بیٹی سامنے آگئی

تنگ نظر والدین کی وجہ سے سڑک پر زندگی گزارنے پر مجبور ہوں‘بیٹی کا دعویٰ جیکی چین کی ٹیم نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا

بدھ 2 مئی 2018 11:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) مارشل آرٹ کے ماہر اور ایکشن فلموں کے سپر اسٹار ہانگ کانگ کے اداکار جیکی چن کی مبینہ بیٹی سامنے آگئی، جس نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ تنگ نظر والدین کی وجہ سے سڑک پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔خیال رہے کہ 64 سالہ اداکار جیکی چن کا شمار دنیا کے معروف اور مہنگے اداکاروں میں ہوتا، اگرچہ ان کا تعلق ایشیا سے ہے، تاہم وہ ہولی وڈ میں بھی یکساں مقبول ہیں۔

جیکی چن 1954 میں ہانگ کانگ میں انتہائی غریب گھرانے میں پیدا ہوئے اور 7 سال کی عمر میں نوکری کرنے کے بعد اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ابتدائی طور پر اسٹیج ڈراموں اور اوپرا تھیٹر سے پرفارمنس کا آغاز کیا۔جیکی چن ابتدائی دنوں میں بطور اسٹنٹ معاون کام کرتے رہے، بعد ازاں انہیں اداکاری کے جوہر دکھانے کا موقع ملا اور پھر وہ دیکھتے ہی دیکھتے چین سے امریکا اور ہانگ کانگ سے برطانیہ تک چھا گئے۔

(جاری ہے)

جیکی چن نے باضابطہ شادی جون لین سے 1982 میں کی، جس سے انہیں ایک 35 سالہ بیٹا جیسی چن ہے، جو خود بھی اداکار ہیں۔جیکن چن ماضی میں اس بات کو تسلیم کر چکے ہیں کہ ان کے الائنا نگ یی لینی نامی خاتون سے گہرے مراسم تھے، جن سے انہیں ایک بیٹی ایتا نگ ہے۔اگرچہ جیکی چن نے کھلے دل سے یہ تسلیم نہیں کیا کہ الائنا نگ ان کی اہلیہ اور ایتا نگ ان کی بیٹی ہیں، تاہم وہ اشارتہ اس معاملے پر وقتا بوقتا بات کرتے رہتے ہیں۔

اب جیکی چن کی اسی بیٹی 25 سالہ ایتا نگ نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں اس نے دعویٰ کیا کہ وہ اپنے تنگ نظر والدین کی وجہ سے گھر کے بجائے سڑک پر رہنے پر مجبور ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ایتا نگ نے گزشتہ ماہ 24 اپریل کو یوٹیوب پر ایک ویڈیو جاری کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی خاتون دوست اور کینیڈین نژاد فیشن ڈیزائنر اینڈی آٹمن کے ساتھ ہانگ کانگ کے ایک پل کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے اپنی ویڈیو میں الزام عائد کیا کہ وہ اپنے تنگ نظر اور ہم جنس پرستی سے نفرت کرنے والے والدین کی وجہ سے پل کے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ویڈیو میں ان کی پارٹنر اور دوست اینڈی آٹمن نے بھی بتایا کہ وہ مجبوری کی حالت میں پل کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں۔ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے مدد کے لیے اپنے دوستوں سے بھی گزارش کی، تاہم کسی نے بھی ان کی درخواست کا مثبت جواب نہیں دیا۔

دوسری جانب ایک ہفتہ گزرجانے کے باوجود جیکی چن نے اس معاملے پر تاحال کوئی بیان نہیں دیا۔فاکس نیوز کے مطابق رابطہ کرنے کے باوجود جیکی چین کی ٹیم نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔خیال رہے کہ جیکی چن کے اثاثوں کی مالیت 40 کروڑ امریکی ڈالرز تک ہے جو پاکستانی 40 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔