میکسیکو کی جیل میں 63 قیدیوں کی اجتماعی شادی

بدھ 2 مئی 2018 13:14

میکسیکوسٹی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) میکسیکو کی جیل میں حکام نے 63 قیدیوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کرکے دلچسپ روایت قائم کی ہے جس پر ملک کے عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر مسرت کا اظہار کیا گیا۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق اجتماعی شادی کے بندھن میں جڑنے والے قیدیوں میں بعض کو کئی سال کی قید کا سامنا ہے تاہم وہ رہائی اور خوش گوار زندگی کے لیے پرامید ہیں۔

سلاخوں کے پیچھے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والے خورخی ارمانڈو کی شادی کورینا شاویز کے ساتھ کرائی گئی۔ دونوں سیوداد خواریتھ کی سنٹرل جیل میں بہت خوش نظر آ رہے تھے۔ حالانکہ37 سالہ ارمانڈو سات ماہ قبل بلیک میلنگ کے الزام میں 40 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ارمانڈو اور کورینا کی ملاقات تین سال قبل امریکا میں ہوئی تھی جس کے بعد دونوں میں قربت بڑھتی گئی۔

(جاری ہے)

وہ ہر بدھ اور ہفتے کے روز جیل میں اپنے ہونے والے شوہر سے ملاقات کرتی رہی ہے۔ اس جیل میں 3100 قیدیوں کو رکھا گیا ہے۔قیدی سے شادی کرنے والی ایک خاتون نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’میں اس سے اور وہ مجھ سے محبت کرتا ہے‘۔ اس نے بتایا کہ میرے شوہر کو منشیات کے دھندے کے الزام میں دو سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ توقع ہے کہ ہم دو سال کے بعد ایک ساتھ زندگی گذار رہے ہوں گے۔