پی ٹی آئی کا شوکازنوٹس کاجواب نہ دینےوالےارکان کونکالنےکا فیصلہ

ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان تنقید کررہےہیں،یہ ارکان بازنہ آئےتوانکی ویڈیوزمیڈیا کوفراہم کردیںگے،ہارس ٹریڈنگ والےاراکین کےثبوت اسپیکراسمبلی کودے دیےہیں،صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 2 مئی 2018 15:13

پی ٹی آئی کا شوکازنوٹس کاجواب نہ دینےوالےارکان کونکالنےکا فیصلہ
پشاور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 مئی 2018ء) : تحریک انصاف نے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دینے والے ارکان کوپارٹی سے نکالنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، پی ٹی آئی قیادت نے سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان کواپنی صفائی ظاہر کرنے کیلئےشوکازنوٹس جاری کیے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف نےفیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں بکنے والے ارکان نے شوکاز نوٹس کا جواب نہ دیا توان کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرشوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اسپیکراسد قیصر کی سربراہی میں قائم کمیٹی ہرایم پی اے کا موقف سن کران کے پارٹی مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔کمیٹی ایک ہفتے کےاندرصرف جواب دینےوالے ارکان اسمبلی کو ہی طلب کرے گی۔ جبکہ شوکاز نوٹس کا جواب جمع نہ کرانے والے ممبران کو پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ممبران اسمبلی پارٹی پر تنقید کر رہے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ تنقید کرنے والے ارکان بازنہ آئے توان کی ویڈیوزمیڈیا کو فراہم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی کو ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کیخلاف ثبوت فراہم کردیے ہیں۔